مندر حملہ کیس:50 سے زائد حملہ آور گرفتار
وزیراعلیٰ عثمان بزدارکے حکم پر بھونگ میں مندر میں توڑ پھوڑ کرنے والے شرپسند عناصر کے خلاف ایکشن، 50 سے زائد حملہ آور گرفتار
پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، اقلیتوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں:عثمان بزدار
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکے حکم پر رحیم یار خان کے نواحی علاقے بھونگ میں مندر میں توڑ پھوڑ کرنے والے شرپسند عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری ہے اورپولیس نے 50 سے زائد حملہ آوروں کو گرفتار کر لیا ہے-
وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ مندر میں توڑ پھوڑ کرنے اور حملے کیلئے اکسانے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جا رہی ہے –
قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا -کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی-
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے – پاکستان میں اقلیتوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں – اقلیتوں کے حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے –