محکمہ تعلیم جنوبی پنجاب پہلا آن لائن جریدہ علمی و ادبی ذوق کی آبیاری کے لئے جاری کیا گیا
Roshni Magazine
بہاول پور:سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور نے کہا ہے کہ ”روشنی میگزین” محکمہ تعلیم جنوبی پنجاب کے زیراہتمام شائع ہونے والا پاکستان کا پہلا آن لائن جریدہ ہے جو طلباء و طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور اساتذہ کرام کے علمی و ادبی ذوق کی آبیاری کے لئے جاری کیا گیا۔
وہ گذشتہ روز اپنے دفتر میں شاہین رسول برڑہ کی زیر قیادت ایک صحافتی وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر ایڈیٹر ”روشنی میگزین” نعیم احمد ناز بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
سیکرٹری تعلیم نے کہا کہ علم، ادب، تخلیق اور تفریح کی معروضیت کے ساتھ ”روشنی میگزین” ایک ایسے آن لائن پلیٹ فارم کی شکل اختیار کرے گا
جہاں پاکستان کے بچے بھی ایک پرامن اور مفید اجتماعی مکالمے کا حصہ بن کر اپنی تخلیقی و تنقیدی سوچ کو پروان چڑھا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ”روشنی میگزین” کی ادارتی پالیسی رنگ، نسل، زبان، ثقافت اور عقیدے کے تعصبات سے بالاتر ہو کر پاکستان کی نئی نسل میں انسان دوستی، پاکستان دوستی، کتاب دوستی، مکمل انسانی مساوات، رواداری، امن پسندی اور شعور و آگہی کے جذبوں کو فروغ دینا ہو گا۔
اس موقع پر ایڈیٹر ”روشنی میگزین” نعیم احمد ناز نے صحافتی وفد کو بتایا کہ پاکستان کے پہلے آن لائن میگزین کے پلیٹ فارم پر طلبہ و اساتذہ کرام کو مستند اور دلچسپ و معلوماتی مواد پیش کرنے کے لئے بھرپور کاوشیں جاری رکھی جائیں گی
تا کہ وہ اس کی مدد سے اپنے آس پاس کے ماحول اور دنیا کو درپیش مسائل کو بہتر انداز سے اور بروقت طور پر سمجھ سکیں۔
دریں اثناء شاہین رسول، ارشاد احمد شاد اور سیف اللہ خان پر مشتمل صحافتی وفد نے سیکرٹری ایجوکیشن ڈاکٹر احتشام انور کو 20ویں گریڈ میں ترقی ملنے اور نعیم احمد ناز کو ”روشنی میگزین” کا ایڈیٹر بننے پر مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔۔
Roshni Magazine