شیخ خلیفہ بن زایدITاینڈAIسینٹرخواجہ فریدیونیورسٹی کےسپرد
شیخ خلیفہ بن زایدITاینڈAIسینٹرخواجہ فریدیونیورسٹی کےسپرد
یواے ای کی صدارت کے پرائیویٹ ڈیپارٹمنٹ نےسنٹرکویونیورسٹی کے حوالے کیا
جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کیلئے جدیدعلوم کی نئی راہیں کھلیں گی،وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عامر اعظم خان

رحیم یار خان(محمد فیصل)متحدہ عرب امارات (UAE) کی صدارت کے پرائیویٹ ڈیپارٹمنٹ اور خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی (KFUEIT) کے درمیان ایک اہم مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے، جس کے تحت شیخ خلیفہ بن زاید النہیان آئی ٹی اینڈ اے آئی سینٹر، جو ابو ظہبی روڈ پر رحمانی مسجد کے قریب کینٹ گیٹ نمبر 2 کے سامنے واقع ہے، باضابطہ طور پر یونیورسٹی کے حوالے کر دیا گیا۔
مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد سینٹر کا آپریشنل کنٹرول یونیورسٹی کے ذیلی ادارے "ساؤتھ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف اسکلز ڈویلپمنٹ (SPISD)” کے سپرد کیا گیا۔
تقریب میں وائس چانسلر خواجہ فرید یونیورسٹی پروفیسر انجنئیر ڈاکٹر عامر اعظم خان، ڈین و ڈائریکٹر SPISD ڈاکٹر محمد صغیر، متحدہ عرب امارات کی صدارت کے پرائیویٹ ڈیپارٹمنٹ کے مینجرمیجر (ر) عرفان مصطفیٰ اور ان کی ٹیم، ڈپٹی رجسٹرار محمد عابد علی اور سپروائزر ایس پی آئی ایس ڈی محمد امجد شریک تھے۔ مفاہمتی یادداشت پر پروفیسر ڈاکٹر محمد صغیر اور میجر (ر) عرفان مصطفیٰ نے دستخط کیے۔
اس معاہدے کے تحت خواجہ فرید یونیورسٹی کو سینٹر کا مکمل انتظامی و آپریشنل کنٹرول حاصل ہو گیا ہے، جو اب جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence)، ویب ڈویلپمنٹ، سائبر سیکیورٹی، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور ای کامرس جیسے جدید شعبوں میں تربیت فراہم کرے گا۔
پروفیسر انجنئیر ڈاکٹر عامر اعظم خان نے اس موقع پر کہا کہ "یہ اقدام نہ صرف رحیم یار خان بلکہ جنوبی پنجاب بھر کے نوجوانوں کے لیے اے آئی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی نئی راہیں کھولے گا ۔ باہمی تعاون کے اس معاہدے پر حکومت متحدہ عرب امارات کے شکر گزار ہیں۔”
پروفیسر ڈاکٹر محمد صغیر نے کہا کہ "یہ سینٹر جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا حصول آسان بنائے گا۔میجر (ر) عرفان مصطفیٰ نے خواجہ فرید یونیورسٹی کے عزم اور کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ "یونیورسٹی متحدہ عرب امارات کے وژن برائے اسکل ڈیولپمنٹ کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔




