تازہ ترین خبروں کے لئے واٹس ایپ چینل جوائن کریں

Join WhatsApp Channel

رحیم یارخان میں 2 خواتین سمیت 3 افراد کی لاشیں برآمد

رحیم یار خان :خالی مکان سے نوجوان کی نعش برآمد‘سرپربھاری چیز سے وار کرکے قتل کئے جانے کا شبہ‘پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردی‘کارروائی شروع۔
فتہ کٹہ کے علاقہ میں ایک پرانے خالی مکان میں 26 سالہ حماد علی مردہ حالت میں پایا گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور نعش کو اپنی تحویل میں لیکر تحقیقات شروع کردی گئی۔

اطلاعات کے مطابق حماد علی کے ماتھے پر گہرا زخم اور سوجن پائی گئی جس سے شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اسے کسی بھاری چیز سے سر پر وار کرکے قتل کیاگیا ہے۔

شبہ ظاہر کیاجارہا ہے کہ حماد علی نشے کی لت میں مبتلا اور ساتھی کے ہمراہ خالی مکان میں نشہ کی غرض سے موجود تھا جہاں دوسرے ساتھی سے جھگڑے پر مبینہ طور پر دوسرے شخص نے سرپر بھاری چیز مار کر قتل کیاگیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔

پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کیلئے ٹی ایچ کیو ہسپتال صادق آباد منتقل کرکے تحقیقات کاآغاز کردیا ہے۔

2۔  سہجہ کے علاقہ میں کماد کے کھیت سے 24 سالہ کائنات بی بی کی نعش برآمد ہوئی جس کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ گزشتہ دو روز سے لاپتہ تھی۔

نعش ملنے کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور اسے تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی شروع کردی۔

پولیس کے مطابق کائنات بی بی کے اغوا کا مقدمہ تھانہ سٹی خان پور میں پہلے ہی درج کیا جاچکا تھا جس کے بعد اس کی تلاش کیلئے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری تھیں۔

نعش برآمد ہونے کے بعد پولیس اس امر کا تعین کرنے میں مصروف ہے کہ کائنات بی بی کی موت کس طرح اور کن حالات میں ہوئی۔

واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او عرفان علی سموں خود بھی جائے وقوعہ پر پہنچے اور صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد مکمل اور میرٹ پر تحقیقات کے احکامات جاری کئے۔

ڈی پی او عرفان علی سموں نے کہا کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور قرار واقعی سزا دلوانے کیلئے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

3۔ بیوی نے نامعلوم ساتھی کی مدد سے پسٹل سے فائرنگ کرکے شوہرکو شدید زخمی کردیا‘ ملزمان موقع سے فرار‘اطلاع ملنے پر پولیس نے کارروائی شروع کردی جبکہ زخمی کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

شاہ فیصل کالونی تھلی روڈ کے رہائشی عبدالمجید نے پولیس کودی جانیوالی اپنی شکایت میں بیان کیا کہ اس کے بیٹے محمدمجیب نے نائلہ بی بی سے پسند کی شادی کی تھی اور دونوں بستی پیر شہیداں میں کرائے کے گھر میں رہائش پذیر تھے۔

عبدالمجید کے مطابق شادی کے کچھ عرصہ بعد ہی دونوں میاں بیوی کے درمیان اختلافات ہوگئے اورگھر میں لڑائی جھگڑے معمول بن گئے۔

گذشتہ روز نائلہ بی بی نے اپنے ایک نامعلوم ساتھی کی مدد سے پسٹل سے فائر مار کر اپنے شوہر محمد مجیب شدید زخمی کردیا اور ساتھی کے ہمراہ موقع سے فرار ہوگئی۔

فائرنگ کی آواز سن کر اہل علاقہ موقع پر پہنچے اوراس کے بیٹے محمد مجیب کو زخمی حالت میں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیاجہاں اسے طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

عبدالمجید کی درخواست پر پولیس تھانہ صدر نے نائلہ بی بی اور اس کے نامعلوم ساتھی کے خلاف مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

4۔ڈیرہ شمس نہر کنارے نوجوان لڑکی کی نعش برآمد‘ قتل کئے جانے کاشبہ‘واقعہ پر ڈی پی او عرفان علی سموں نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کردیے‘ پولیس کی جانب سے واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں‘ مقتولہ کی نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیا۔

رکن نہر کے کنارے ڈیرہ شمس کے قریب نوجوان لڑکی کو مبینہ طور پر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا جبکہ مقتولہ کی نعش کو ضروری قانونی کارروائی کیلئے تحویل میں لے لیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ کی شناخت شبینہ بی بی کے نام سے ہوئی ہے جسے مبینہ طور پر ذاتی دشمنی کی بنا پر نشانہ بنایا گیا۔

واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے اور پولیس نے شبہ میں آنیوالے افراد سے متعلق معلومات بھی اکٹھی کرنا شروع کر دی گئی ہیں۔

دوسری جانب ڈی پی او عرفان علی سموں نے نوجوان لڑکی کے قتل کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پولیس افسران کو ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔

ڈی پی او عرفان علی سموں نے واضح کیا کہ نوجوان لڑکی کے قتل میں ملوث ملزمان کو کسی صورت قانون کی گرفت سے بچنے نہیں دیا جائے گا‘ تمام ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

اک نظر

Back to top button