رحیم یار خان:ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام 74ویں یوم پاکستان کی آزادی تقریبات

رحیم یار خان:ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام 74ویں یوم پاکستان کی آزادی تقریبات کا اہتمام شیخ خلیفہ پبلک سکول کے سبزہ زار اور آڈیٹوریم میں کیا گیا۔تقریب کی صدارت ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد جبکہ مہمانان خصوصی ایم این اے چوہدری جاوید اقبال وڑائچ، ایم پی اے چوہدری آصف مجید تھے ۔تقریب میںڈی پی او اسد سرفراز، ضلعی صدر پی ٹی آئی چوہدری ظفر اقبال وڑائچ، چوہدری نعیم شفیق،ضلعی صدر شعبہ خواتین صائمہ طارق، شمیل مرزا، چوہدری حسنین ظفر وڑائچ،ممبران امن کمیٹی ریاض احمد نوری، بابر زمان، صدر ڈسٹرکٹ بار ، اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر ریاست علی سمیت دیگر ضلعی افسران، سول سوسائٹی اور شہریوں نے شرکت کی۔کورونا ایس او پیز اور محرم الحرام کے احترام میں 74ویں یوم آزادی کی تقریب کو مختصر مگر شایان شان انداز سے منایا گیا۔
تقریب کا آغاز 1منٹ کی خاموشی اور سائرن بجا کر کیا گیا جس کے بعد ایم این اے چوہدری جاوید اقبال وڑائچ، ایم پی اے چوہدری آصف مجید، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد اور ڈی پی او اسد سرفراز نے دیگر شرکاءکے ہمراہ پرچم کشائی کی اس موقع پر پولیس، ریسکیو1122اور طالبعلم سکاﺅٹس کے چاک و چوبند دستوں نے سبز ہلالی پرچم کو سلامی پیش کی۔
اس موقع پر ایم این اے اور ایم پی اے نے پودے لگا کر شجر کاری کا پیغام دیا۔شیخ خلیفہ آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب میں مختلف سکولز کے بچوں نے ملی نغمے پیش کئے اور تقاریر کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے چوہدری جاوید اقبال وڑائچ نے کہا کہ آج کے دن پاکستان کے محب وطن عوام اپنے اسلاف کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں،
تمام محب وطن پاکستانیوں کو متحد ہو کر ملک کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنانا ہو گا۔
انہوں نے کیا کہ پاکستان کی بنیادوں میں لاکھوں شہداءکا خون شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی کو بھلا کر آگے بڑھنا ہے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کے تمام شعبوں میں ترقی و خوشحالی کا سفر تیز ہو گا اور شہر رحیم یار خان میں بھی ترقی کے ثمرات نظر آ رہے ہیں ۔ماضی میں سیوریج کے ناکام منصوبے نے مسائل پیدا کئے اب سیوریج کے مستقل حل سمیت شاہرات کی از سر نو تعمیر کا عمل تیزی سے جاری ہے اور یہ ترقی گلی محلوں اور دیہاتوں میں بھی نظر آئے گی۔
ایم پی اے چوہدری آصف مجید نے کہا کہ 14اگست کا دن قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ اقبال کے پیغامات کو تازہ کرنے کی یاد دلاتا ہے ۔قیام پاکستان کے لئے ہمارے آباﺅ اجداد نے اپنے لہو سے تاریخ رقم کی لاکھوں قربانیوں سے حاصل کئے گئے ملک پاکستان کی حفاظت کے لئے ہمیں کسی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔
عمران خان کی قیادت میں ملک کو کرپشن فری بنانے، اقرباءپروری او ردیگر معاشرتی برائیوں سے پاک کر کے صیح معنوں میں قائد اور اقبال کے خوابوں کی تعبیر کے مطابق تشکیل دینے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہم سب کا ہے اور اس میں بسنے والے تمام پاکستانی چاہے وہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتے ہوئے سب کے حقوق برابر ہیں۔
انہوں نے حالیہ بھونگ گنیش مندر میں شر پسندوں کی جانب سے حملہ کی مزمت اور تمام معاملات کو بہتر انداز سے حل کرنے سمیت مندر کی بحالی اور سیکورٹی کو یقینی بنانے پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد اور ڈی پی او اسد سرفراز کی کاوشوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ 14اگست ہماری زندگیوں میں بہت اہم دن ہے، علامہ اقبال ؒ کے خواب کو آج کے دن قائداعظم محمد علی جناحؒ نے تعبیر کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے جان و مال کا نظرانہ آزاد ملک کی خاطر دیا ہمیں آزادی ملنے کے بعد آگے بڑھنا ہے ہمیں قائد اعظمؒ کے اقوال ، ایمان، اتحاد اور تنظیم پر عمل کرکے دنیا کی ترقی یافتہ قوم بننا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہندو، کرسچن، سکھ سمیت تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والوں کا ملک ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ضلع میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہو رہے ہیں او ریہاں کے لوگ جلد نئے شہر کو دیکھیں گے مگر اس کے ساتھ ہمیں آج عہد کرنا ہو گا کہ ہم نے اپنی اصلاح خود سے شروع کرنی اور ملک میں امن و امان، خوشحالی، صفائی کے لئے اداروں کا ساتھ دینا ہے۔
ڈی پی او اسد سرفراز نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ جنہوں نے ہمیں آزادی کی نعمت منانے کے لئے اکھٹا کیا،آج تجدید عہد کا دن ہے ہمیں قیام پاکستان کے وقت کو یاد کرنا چاہیے جب تمام لوگ ان دیکھی منزل کی طرف ایمان کے ساتھ گامزن تھے ہم تو اپنے انہی بزرگوں کی قربانیوں کی وجہ سے آزاد وطن میں پیدا ہوئے ۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم نے خود سے ایک وعدہ کرنا ہے کہ سال کے356دن صفائی کا خیال، ٹریفک قوانین کی پاسداری، ہیلمٹ کا استعمال اور ریاستی اداروں سمیت اپنے بزرگوں کی عزت اور چھوٹوں کا احترام کریں گے۔
تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے مہمانان خصوصی اور دیگر شرکاءمیں یادگاری شیلڈز تقسیم کیں جبکہ اس موقع پر ممبر امن کمیٹی ریاض احمد نوری نے ملک و قوم کی سلامتی، خوشحالی ، ترقی، امن وامان کے قیام کے لئے اجتماعی دعا کرائی۔

اک نظر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button