دوغلی پالیسی نہیں چلے گی، ووٹ استعمال کرو یا استعفے دو: بلاول کی (ن) لیگ پر تنقید
رحیم یار خان: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ (ن) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہےکہ دوغلی پالیسی نہیں چلے گی یا اپوزیشن کریں یا اعلان کریں کہ آپ حکومت کے سہولت کار ہیں۔
رحیم یار خان میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا کہ پاکستان عوامی حکومت کو ترس گیا ہے، آئندہ پیپلزپارٹی وفاق اور صوبوں میں حکومت بنائے گی۔
انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سلیکٹڈ نے ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا، عمران خان کا ہر ایک وعدہ جھوٹا نکلا، 90 روز میں کرپشن ختم کرنے اور 50 لاکھ گھربنانے کاوعدہ جھوٹا نکلا۔
چیئرمین پی پی نے (ن) لیگ کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ایسے نہیں ہوسکتا کہ ووٹ کی عزت کی بات ہو اور ووٹ کے استعمال کے وقت بھاگ جائیں، دوغلی پالیسی نہیں چلے گی یا اپوزیشن کریں یا اعلان کریں کہ آپ حکومت کے سہولت کار ہیں، یہ نہیں ہوسکتا کہ ووٹ کی عزت کی بات ہو اور ضمنی الیکشن میں بائیکاٹ کی بات کریں، یہ نہیں ہوسکتا ووٹ کی عزت کی بات ہو مگر سینیٹ الیکشن آئے تو بائیکاٹ کی بات کریں، ہم کہتے ہیں ووٹ استعمال کریں، بزدار کو بھگائیں، عمران کو گھر بھیجیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کریں یا پھر کہیں آپ حکومت کے سہولت کار ہیں، پنجاب کے عوام منافقت کی سیاست کو تسلیم نہیں کریں گے، اب آپ کو کچھ کرناہوگا ورنہ پنجاب کے عوام جان جائیں گے کہ یہ منافقت ہے، اگر آپ تیار نہیں ہوئے تو عوام آپ کو معاف نہیں کریں گے، آگر آپ ووٹ کی عزت کی بات کرتے ہیں تو بزدار کو چیلنج کریں، ہمارے ساتھ مل کر مقابلہ کریں، بزدار گرجائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب ہم آپ کے ساتھ تھے تو آپ کہتے تھے استعفے کے بغیر کام نہیں چلے گا، اب آپ کے لیے چیلنج ہے آئیں ہمارے ساتھ مل کر اپنا ووٹ استعمال کریں، اگرہماری نہیں مانتے تو اپنی ہی بات اور اپنے دعوے پر عمل کریں، آپ کو دو میں سے ایک کام کرنا ہے، ووٹ استعمال کریں یا پھر استعفیٰ دیں۔