انتظامیہ چولستان سمیت دریائے سندھ کے مختلف مقامات پر سیاحتی مقامات بنانے کا فیصلہ، ڈی سی

رحیم یار خان:ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے عوامی فلاح وبہبود کے اقدامات کی عوام تک تشہیر اور عوام کو درپیش مسائل کو حکومتی اداروں تک پہنچانے میں میڈیا کے ذمہ دارانہ کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا،

عالمی وباءکورونا کے باعث دنیا بھر کے ممالک معاشی و معاشرتی طور پر متاثر ہوئے اور پاکستان بھی اس وباءسے محفوظ نہ رہ سکا جس کے باعث ترقی کا عمل تعطل کا شکار ہوا تاہم بروقت حکومتی اقدامات، عوامی تعاون اور میڈیا کے ذمہ دارانہ کردار کے باعث پاکستان الحمداللہ شدید متاثرہ ممالک کی فہرست میں شامل نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پریس کلب میں صدر پریس کلب راﺅ نعمان اسلم اور جنرل سیکرٹری جی ایم حیدر کے ہمراہ ممبران پریس کلب سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

DC Rahim Yar Khan Khuram Shehzad
DC Rahim Yar Khan Khuram Shehzad

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو درپیش مسائل کا مکمل ادارک رکھتی ہے، بنیادی سہولیات کی فراہمی عوام کا حق اور ہماری ذمہ داری ہے،

ضلع میں مواصلات کے نظام کی بہتری، صفائی و سیوریج مسائل سے چھٹکارا، خالی جگہوں پر گرین بیلٹس کا قیام، شاہرات کے اطراف میں درختوں و خوبصورت پودوں کی شجر کاری سمیت ضلع کے اہم تفریحی و تاریخی مقامات تک عوام کی رسائی اور انہیں ملکی و بین الاقوامی سطح تک متعارف کروانے کے لئے ضلعی انتظامیہ حکمت عملی مرتب کر رہی ہے اور جلد وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان خان بزدار اپنے دورہ پر ضلع کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں گے

جس میں شاہرات کی تعمیر و مرمت، صحت وتعلیم سمیت عوام فلاح و بہبود اور سیاحت و تفریح کے متعدد منصوبے شامل ہیں اور آئندہ مالی سال میں اس پر کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔

دریائے سندھ

انہوں نے کہا کہ ہمارے ضلع میں وسیع و عریض خوبصورت چولستان اور 188کلو میٹر طویل عظیم دریائے سندھ کی آبی گزرگاہ ہے اور انتظامیہ چولستان سمیت دریائے سندھ کے مختلف مقامات پر سیاحتی مقامات بنا کر سہولیات فراہم کرے گی تاکہ مقامی لوگوں سمیت ملکی و بین الاقوامی سطح پر ضلع میں سیاحت کو فروغ دیا جا سکے ۔

علاوہ ازیں ضلع رحیم یار خان کے شہریوں کی قلعہ درواڑ تک با آسانی رسائی کے لئے بھی سڑک کی تعمیر کے حوالہ سے کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل اور دفاتروں میں شہریوں کو بہترین سروسز کی فراہمی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں سرفہرست ہے جس سے پہلو تہی نہیں کی جائے گی اور تمام افسران کو ہدایت ہے کہ شہریوں کی جانب سے موصول شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے جبکہ غفلت کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاران کے سزاو جزا کا موثر نظام موجود ہے۔

گذشتہ دنوں ایک معصوم بچے کی مین ہول کاڈھکن نہ ہونے کہ باعث اس میں گرکر ہلاکت کا دلی طور پر دکھ ہے اوراس افسوسناک واقع کے ذمہ دار ان کا تعین کرکے کارروائی کے لئے متعلقہ فورم پر رجوع کر لیا گیا ہے۔۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہر ادارہ خود احتسابی پر عمل پیرا ہو تو ہم جلد ایک مہذب معاشرہ کی تشکیل کو یقینی بنا سکتے ہیں۔

میڈیا نمائندگان کی جانب سے عوامی مسائل اور اداروں میں موجود خرافات کا فوری نوٹس لیکر عوامی مسائل حل اور شہریوں کے لئے پریشانی کا باعث بننے والے افسران و اہلکاران کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے تاہم میڈیا کے ذمہ داران ایسے عناصر کا محاسبہ کرنے کے لئے جامع حکمت عملی بنائیں جو صحافت کا لبادہ اوڑھ کر اس مقدس شعبہ کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں ۔

Press Club Dc Rahim Yar khan
Press Club Dc Rahim Yar khan

انہوں نے کہا کہ میڈیا نمائندگان کورو نا کے خلاف حکومت کا ساتھ دیں اور کورونا و یکسین کے حوالہ سے سوشل میڈیا سمیت دیگر ذرائع ابلاغ پر پھیلائی جانے والی منفی خبروں کی حوصلہ شکنی کے لئے آگے بڑھیں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کورونا ویکسین بلا خوف و خطر لگوا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ صدر پریس کلب صحافیوں کو ویکسین لگوانے میں کردار ادا کریں انتظامیہ ڈسٹرکٹ پریس کلب میں ویکسین لگوانے کے لئے سہولت فراہم کرے گی کیونکہ صحافی بھی فرنٹ لائن ورکرز میں شامل ہیں جوہر قسم کے حالات میں اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی غافل نہیں رہتے۔

انہوں نے صدر پریس کلب کی جانب سے نشاندہی پرصحافی کالونی سمیت ڈسٹرکٹ پریس کلب کی تزئین و آرائش میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔قبل ازیں صدر پریس کلب راﺅ نعمان اسلم نے جنرل سیکرٹری جی ایم حیدر کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد کو ڈسٹرکٹ پریس کلب آمد پر خوش آمدید کہا اور عوامی مسائل سمیت صحافتی برادری، ڈسٹرکٹ پریس کلب عمارت کی تعمیر و تزئین آرائش کے مسائل بارے آگاہ کیا۔

اک نظر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button