ڈیفنس بی میں 30 سالہ خاتون کی برہنہ حالت میں لاش گھر کے ٹی وی لاؤنچ سے برآمد
لاہور.:ڈیفنس بی میں واقع بنگلے میں اکیلی رہائش پذیر 30 سالہ خاتون کی برہنہ حالت میں لاش گھر کے ٹی وی لاؤنچ سے برآمد ہوئی۔
مقتولہ شوبز کی دنیا سے وابستہ تھی اور ماڈلنگ کیا کرتی تھی۔ پولیس نے مقتولہ کے سوتیلے بھائی کی مدعیت میں واقعہ کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
مقتولہ نایاب کے سوتیلے بھائی محمد علی ناصر نے پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ ہم دو بھائی ہیں۔ میری والدہ تبسم ناز نے میرے والد سے طلاق لے کر ندیم ضیاء نامی شخص سے شادی کی۔
جس سے ایک بیٹی نایاب پیدا ہوئیں۔ جس کی عمر اس وقت تیس سال تھی۔ بعدازاں ندیم ضیاء میری والدہ کو چھوڑ کر دوسری شادی کرلی اور بحریہ ٹاؤن میں رہنے لگا۔
نایاب کا باپ کبھی اپنی بیٹی سے ملنے نہ آیا۔ والدہ کے انتقال کے بعد نایاب ڈیفنس فیز فائیو میں واقع بنگلے میں 2015ء سے اکیلی ہی رہتی تھی جو اس کا ذاتی مکان تھا۔
میں اس کی طرف روزانہ جاتا اور اس کی ضرورتوں کا خیال رکھتا تھا۔ وقوعہ سے ایک رات قبل بھی میں اس کے گھر گیا۔ اسے لے کر باہر گیا اور آئس کریم کھلاکر اسے رات پونے دو بجے گھر ڈراپ دیکر واپس اپنے گھر آیا ۔
اگلے روز 10 جولائی 2021ء کی رات آٹھ بجے میں حسب معمول نایاب کے گھر گیا تو مکان کا چھوٹا گیٹ کھلا ہوا تھا۔ گھر میں نایاب کی کرولا جی ایل آئی گاڑی کھڑی تھی۔
جبکہ ٹی وی لاؤنچ میں اس کی برہنہ لاش پڑی ہوئی تھی۔ مکان کا جائزہ لیا تو باہر گلی کی طرف کھلنے والی باتھ روم کی کھڑکی کی جالی ٹوٹی ہوئی تھی۔
پولیس کے مطابق قوی شبہ ہے کہ ملزم اسی کھڑکی کے راستے اندر داخل ہوا۔تاہم پوسٹ مارٹم کے بعد اصل حقائق سامنے آئیں گے ۔
مقتولہ ماڈلنگ کرتی رہی ہے۔