عمر جعفر کی قیادت میں مہنگائی اور کرپشن کے خلاف احتجاجی ریلی
رحیم یار خان: سٹی صدر پاکستان مسلم لیگ ن و سابق ایم پی اے چوہدری محمد عمر جعفر کی قیادت میں مہنگائی اور کرپشن کے خلاف پاکستان مسلم لیگ ن کی احتجاجی ریلی کا آغاز چوہدری محمد اقبال پبلک سیکرٹریٹ جعفر آباد سے ہوا جس میں مسلم لیگی عہدیداران کے ساتھ ساتھ ہزاروں کی تعداد میں مسلم لیگی ورکرز اور کارکنان نے شرکت کی۔
ریلی شہر سے ہوتی ہوئی سٹی پل پر جا کر عظیم الشان احتجاجی جلسے میں تبدیل ہو گئی۔ احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد عمر جعفر سٹی صدر پاکستان مسلم لیگ ن رحیم یار خان و سابق ایم پی اے نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عمران نیازی کے کرپٹ ٹولے کی قیادت میں ملکی معیشت کا دیوالیہ نکال دیا ہے۔
یہ آئے روز یوٹرن پہ یوٹرن لے رہا ہے جب کہ پاکستان ہر چیز پر یوٹرن کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ایک کروڑ نوکریوں کا جھوٹا لارا لگانے والا بتائے کہ کہاں ہیں وہ نوکریاں۔ مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے غریب خود کشیوں پر مجبور ہو رہے ہیں، جبکہ اس کو سوائے اپنے اے ٹی ایم کے کسی کی فکر نہیں۔
دن رات کرپشن کرتا ہے اور اپنے اے ٹی ایم کو خوش کر کے اپنی جیبیں بھر رہا ہے۔ یاد رکھیں اس نے جو تباہی و بربادی مچائی ہے اس پر یہ بنی گالہ سے سیدھا اڈیالہ جیل جائے گا۔
آج آپ نے جس جوش و ولولے کا اظہار کرتے ہوئے مہنگائی اور کرپشن کے خلاف اس احتجاج میں حصہ لیا ہے اسی طرح آئندہ الیکشن میں میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں اس بہروپیے کو اپنے ووٹ کے ذریعے مسترد کر کے کرپٹ ٹولے سے اس ملک کو پاک کریں گے اور پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت ایک بار پھر عوام کی طاقت سے برسراقتدار آ کر ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے گی۔
احتجاجی جلسے سے اظہر لغاری ضلعی صدر، محمود الحسن چیمہ سنئیر نائب صدر، میاں امتیاز احمد ضلعی جنرل سیکرٹری، عمر حمید سٹی جنرل سیکرٹری، میاں خالد شاہین ڈویژنل نائب صدر، میاں اسلام اسلم سابق ایم پی اے، اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔