رحیم یارخان : وقت وطن عزیز انتہائی مشکل حالات سے گزر رہا ہے،جعفر اقبال گجر

رحیم یارخان : سینئر مرکزی راہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) سنیٹر چوہدری محمد جعفر اقبال سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سے ان کی رہائش گاہ پر پاکستان مسلم لیگ (ن) اسلام آباد کے کوآرڈینیٹر چوہدری افتخاربرسہ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پارٹی امور اور اہم ملکی معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر سنیٹر چوہدری محمد جعفر اقبال نے کہا کہ اس وقت وطن عزیز انتہائی مشکل حالات سے گزر رہا ہے ایک طرف مہنگائی نے عام آدمی کا جینا دو بھر کر دیا ہے دوسری طرف بیرونی سازشیں پاکستان کو کمزور کرنے کی گھناؤنی سازشیں کر رہی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا میچ شروع ہونے سے چند منٹ پہلے اپنا دورہ ختم کرنا سازشی عناصر کی کارستانی ہے۔ یہ وہ قوتیں ہیں جو پاکستان میں استحکام اور بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ میاں محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت نے کھیل کے میدان آباد کیے، ملک کو اندھیروں سے نکال کر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا، پاک فوج کے ساتھ مل کر ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے دور میں ہر شعبہ زندگی میں پاکستان میں کا گراف اوپر کی طرف ترقی کر رہا تھا اور موجودہ حکومتی دور میں ہر شعبہ زبوں حالی کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا موجودہ حکمراں اپنی تمام تر صلاحیتیں اپوزیشن کو دبانے اور ان کے خلاف روز نئے کیس بنانے میں صرف کئے ہوئے ہیں جبکہ دوسری جانب ملک تیزی سے سفارتی تنہائی کی جانب بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی توجہ سفارتی محاذ پر مرکوز کرے اور پاکستان کے خلاف ہونے والی سازشوں کا بروقت سدباب کرے۔

پاکستان ہے تو ہم ہیں، اللہ ہمارے ملک کی خیر کرے۔ یہ ملک کلمہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا ہے اس لیے کوئی بھی سازش وطن عزیز کو کمزور کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکتی۔

اک نظر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button