صاف پنجاب مہم کا آغاز ,چار ماہ تک جاری رہے گی
رحیم یارخان: بہاول پور: وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہبازکی ہدایت پر بہاول پور ضلع میں صاف پنجاب مہم کا آغاز کردیا گیا جو چار ماہ تک جاری رہے گی۔
اس سلسلہ میں افتتاحی تقریب ضلع کونسل ہال بہاول پور میں منعقد ہوئی جس میں سابق وفاقی وزیر انجینئر بلیغ الرحمن نے بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر ایم پی اے حسینہ بیگم، ٹکٹ ہولڈر پی پی246 و رہنما مسلم لیگ (ن)ڈاکٹر رانا محمد طارق، سابق ایم پی اے فوزیہ ایوب قریشی، ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شاہد عمران مارتھ، اسسٹنٹ کمشنر محمد طیب، سی ای او بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نعیم اختر، مسلم لیگ (ن) کے رہنما بلال بلوچ، میاں شاہد اقبال، عمران معاذ، مقبول جوئیہ، سی ای ضلع کونسل، سول سوسائٹی کے ممبران، متعلقہ محکموں کے افسران اور سینٹری ورکرز موجود تھے۔ سابق وفاقی وزیر انجینئر بلیغ الرحمن نے صاف پنجاب کے حوالہ سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے۔
ہم سب کو چاہئے کہ اپنے گھر، دفاتر اور ارد گردکے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرہ میں صفائی کی بہت اہمیت ہے،اس سے خوبصورتی میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہاول پور صفائی ستھرائی کے کاموں میں نمایاں مقام رکھتا ہے اور بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران و ورکرز بہتر انداز میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے نظام میں مزید بہتری لانے کے لیے اقدامات کیے جائیں اور آج کے روزعزم کیا جائے کہ ہم اپنے گھر اور ماحول کو صاف ستھرا رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر صفائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ سابق وفاقی وزیر نے شرکاء سے کہا کہ کوڑا کرکٹ نصب کیے گئے ڈسٹ بنز میں ڈالا جائے اور اس سلسلہ میں لوگوں کا شعور اجاگر کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صفائی مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے کاموں میں بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سمیت دیگر متعلقہ ادارے بہتر انداز میں خدمات سرانجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے امور باقاعدگی سے انجام دیے جائیں اور متعلقہ سٹاف اپنی ذمہ داریاں شاندار انداز میں انجام دے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی کے حوالہ سے بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا کردار بہت شاندار ہے۔ سی ای او بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نعیم اختر نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر صفائی مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی ڈبلیو ایم سی کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی کے ممبران بھی صفائی کے کاموں میں تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب نے مل کر اس خطہ کو صاف رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور انداز میں کام کیا جارہا ہے۔ اس دوران کوڑا کرکٹ کاخاتمہ، نکاس آب و سیوریج، سالڈ ویسٹ اٹھانے، مین ہولز کی صفائی، خراب سٹریٹ لائٹس کی مرمت و بحالی اور وال چاکنگ کا خاتمہ کیا جائے گا۔ بعدازاں ضلع کونسل ہال سے ویلکم چوک تک صفائی کے حوالہ سے لوگوں کاشعور اجاگر کرنے کے لیے واک کی گئی جس کی قیادت سابق وفاقی وزیر انجینئر بلیغ الرحمن نے کی۔ واک میں ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا، اے ڈی سی آر، سی ای او بی ڈبلیو ایم سی نعیم اختر، ٹکٹ ہولڈر پی پی246 ڈاکٹر رانا محمد طارق، میاں شاہد اقبال، بلال بلوچ، مسلم لیگی رہنما و کارکن، سول سوسائٹی کے نمائندگان متعلقہ محکموں کے افسران و سٹاف شریک تھے۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر ضلع کونسل ہال میں نصب بینر پر وفاقی وزیر، ڈپٹی کمشنر، اور دیگر افراد نے صفائی مہم کے حوالہ سے اپنے پیغامات لکھے اور دستخط کیے۔ اس موقع پر کوڑا اٹھا کر ڈسٹ بنز میں ڈالا گیا اور لوگوں کوترغیب دی گئی کہ کوڑا،کوڑا دان میں ڈالا جائے۔اس موقع پر ہیٹ ویو کے پیش نظر سینٹری سٹاف میں پانی کی بوتلیں تقسیم کی گئیں۔