رحیم یارخان : کھاد کی بین الاضلاعی نقل و حمل پر پابندی عائد
رحیم یار خان:ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف نے سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کرتے ہوئے مارکیٹ کمیٹی حکام کو ہدایت کی کہ ضلع میں کولڈ سٹوریج پر موجود پھلوں و سبزیوں کا ریکارڈ رکھا جائے اور کسی بھی شے کی قلت کی صورت میں خصوصی اقدامات کئے جائیں۔
اس موقع پر سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی اسماء اطہر، انجن آڑھتیاں کے عہدیداران چوہدری محمد امین، حاجی ارشد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے مختلف شیڈ میں جاکر پھلوں اور سبزیوں کی ہونے والی نیلامی کے عمل کا مشاہدہ کیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ سبزی و پھلوں کے نرخ ان کے معیار جانچنے کے بعد مقرر کئے جائیں اور سبزی و پھل منڈی سے معیاری اور تازہ پھل و سبزی مارکیٹ میں فروخت کے لئے جانی چاہیے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ نیلامی کے بعد مقرر ہونے والے نرخ جلد از جلد عام مارکیٹ میں تمام پرچون فروخت کرنے والے دکانداروں کے پاس پہنچائیں جائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو مقرر کردہ نرخوں پر اشیاء ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے تسلسل کے ساتھ مارکیٹ کا وزٹ کر رہی ہے اور رواں ماہ ضلع بھر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے گرانفروشی، ناپ تول میں کمی اور نرخ نامے آویزاں نہ کرنے پر 9ہزار714انسپکشن کرتے ہوئے خلاف ورزی کے مرتکب 536 دکانداروں کو 7لاکھ54ہزار جرمانہ، 19مقدمات درج، 20دکانیں سیل اور162گرانفروشوں کو گرفتار کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف کی زیر صدارت ضلع میں یوریا اور ڈی اے پی کھاد کی دستیابی کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد ہوا
جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر سدرہ سلیم، اسسٹنٹ کمشنر عظمان چوہدری، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت اقرار حسین سمیت فرٹیلائزر کمپنیوں کے نمائدنگان، کھاد ڈیلرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے شرکت کی جبکہ دیگر تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر ز بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں موجو دتھے۔
ڈپٹی کمشنر نے ضلع کے کاشتکاروں کو یوریا اور ڈی اے پی کھاد کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لئے تمام شرکاء اجلاس کی مشاورت سے کھاد کی بین الاضلاعی نقل و حمل پر پابندی عائد کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام فرٹیلائزر کمپنیوں کی جانب سے ضلع رحیم یار خان کے لئے کھاد کا مختص کوٹہ صرف ضلع کے کاشتکاروں کو ہی فروخت ہو گا جبکہ ضلع رحیم یار خان کے کوٹہ کی کھاد کسی دوسرے ضلع میں لیکر جانے کی اجازت نہ ہو گی جس کے لئے محکمہ زراعت فوری طور پر ضلع کے تمام سرحدی علاقوں پر اپنا عملہ تعینات کرے جو صرف اس کھاد کو ضلع سے باہر جانے کی اجازت سے گا جو براہ راست فرٹیلائزر کمپنیوں سے دیگر اضلاع یا صوبہ کے لئے بھجوائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے محکمہ زراعت کو ہدایت کی کہ اندرون ضلع کھاد ڈیلرز کے کوٹہ سے کھاد دیگر سب ڈیلرز کو فراہم کرنے کے حوالہ سے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت اپنے قوانین کا جائزہ لیتے ہوئے فیصلہ کریں گے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع کی ضرورت کے مطابق یوریااور ڈی اے پی وافر مقدار میں دستیاب ہے تاہم افواہوں کے باعث کاشتکار ضرورت سے زیادہ کھاد خرید کر رہے ہیں جس سے مارکیٹ میں کھاد کی کمی سامنے آ رہی ہے محکمہ زراعت اپنے فیلڈ سٹاف کے ذریعہ کاشتکاروں کو آگہی فراہم کریں کہ وہ اپنی ضرورت کے مطابق کھاد خریدکریں اضافی کھاد خریدنے کی ضرورت نہیں۔
اجلاس میں ایسے کاشتکاروں کے خلاف بھی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا جنہوں سے اپنی ضرورت سے زائد کھاد خرید کر ذخیرہ کی ہوئی ہے ایسی شکایات پر متعلقہ کاشتکار کے خلاف ذخیرہ اندوزی کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے کھاد کمپنیوں کے نمائندگان کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے ڈیلرز کو پابند کریں کہ وہ کھاد کی خرید و فروخت کا تمام ریکارڈ رکھیں گے جبکہ کھاد ڈیلرز ایسوسی ایشن بھی اپنے ممبران کو آگاہ کرے کہ وہ تمام کاشتکاروں کو اپنی دکان کا بل بنا کردینے کے پابند ہیں اور وہ کھاد خریدنے والے تمام کاشتکاروں کا ریکارڈ اپنے پاس محفوظ رکھیں۔
ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سسٹین ایبل گول(SAP) فور کے تحت25کروڑسے زائد لاگت کی109سکیموں کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طالب حسین رندھاوا، ایکسین ہائی ویز سید حسنین زیدی، ایکسین بلڈنگ نعمان سلیمان سے میپکو افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف نے کہا کہ عوامی بہبود کی منظور ہونے والی سکیموں کہ محکمانہ اقدامات میں تیزی لائی جائے تاکہ اس سکیموں کو جلد مکمل کیا جا سکے۔قبل ازیں انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب خصوصی گرانٹس کے تحت ضلع میں تعلیم، ہائر ایجوکیشن، سوشل ویلفیئر، ہیلتھ،روڈز ودیگر سیکٹرز میں منظور ہونے والی ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ جو منصوبے مختلف اداروں کی جانب سے اراضی کی منتقلی یا خرید کے باعث تاخیر کا شکار ہیں
ان معاملات کو فوری حل کیا جائے تاکہ بروقت فنڈز کا استعمال کرتے ہوئے منصوبے شروع کئے جا سکیں اور یہ منصوبے مقررہ مدت میں پایہ تکمیل کو پہنچے۔
انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی ہدایات کی ایسے تمام منصوبے جس میں اراضی ایک محکمہ سے دوسرے محکمہ کو منتقل ہونا ہے یا منصوبے کے لئے اراضی خرید درکار ہے ایسے تمام معاملات میں متعلقہ اداروں کی معاونت کی جائے۔
اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طالب حسین رندھاوا نے مختلف ترقیاتی سکیموں کے تکنیکی اور انتظامی پہلوؤں کے بارے میں بریفنگ دی۔
سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ریاست علی کی زیر صدارت محکمہ صحت اور پبلک ٹرانسپورٹ مالکان کا مشترکہ اجلاس منعقد ہو
جس میں سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر حسن خان سمیت متعلقہ محکموں کے افسران اور پبلک ٹرانسپورٹ مالکان و نمائندگان نے شرکت کی۔
سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ریاست علی نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر تمام مسافروں کی کورونا ویکسی نیشن یقینی بنانے کے لئے صوبائی محکمہ صحت اور ٹرانسپورٹ کے مابین طے پایا ہے کہ تمام سرکای و نجی پبلک بس اسٹینڈز پر محکمہ صحت کی مستقل ٹیمیں تعینات ہوں گی جو پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے والے مسافروں کا کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ چیک کریں گی اور اگر کسی مسافر نے ویکسین نہیں کرائی ہوئی تو محکمہ صحت کی ٹیمیں موقع پر ہی ایسے تمام مسافروں کی ویکسین کریں گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام پبلک ٹرانسپورٹ کمپنیاں محکمہ ہیلتھ کی ٹیموں کے ساتھ اپنے تعاون کو یقینی بنائیں گی جبکہ مسافر بسوں کو روکنے اور ٹریفک بہاؤ کو برقرار رکھنے کے لئے ٹریفک اور مقامی پولیس بھی محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں گی۔