مخدوم احمد محمود کا جام ریاض احمد گانگا ایڈوؤکیٹ کی والدہ کی وفات پر تعزیت
رحیم یارخان : سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود، سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری میاں عبدالستار، سابق تحصیل نائب ناظم صادق آباد و ضلعی صدر پاکستان پیپلز پارٹی سردار حبیب الرحمن گوپانگ کی کالم رائیٹر جام ایم ڈی گانگا،نائب صدر ہائی کورٹ بار بہاول پور جام ریاض احمد گانگا ایڈوؤکیٹ کی والدہ کی وفات پر تعزیت کے لیے جام ہاؤس گانگا نگر آمد،سید مقصود اشرف گیلانی، چیف کوآرڈینیٹر مختار جام،سابق یونین ناظم میاں مسعود صادق،رانامحمد وسیم خان، سردار جام محمد اکرم ویہا اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے.
سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود نے جام ایم ڈی گانگا سے ان کی والدہ محترمہ کی وفات پر تعزیت کرنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپنے وسیب سے باہمی سماجی تعلقات اور دُکھ سُکھ میں سانجھ کا احساس وہ عظیم رشتہ ہے جو معاشرے میں محبتوں کی بنیاد اور بڑھوتری کا باعث ہے.
مجھے فخر ہے کہ ببانگ دُہل حق و سچ لکھنے والے کالم رائیٹر جام ایم ڈی گانگا کا تعلق میرے ضلع رحیم یارخان سے ہے.ماں کے عظیم رشتے کا کوئی متبادل نہیں ہے.
ہم جام ایم ڈی گانگا اور ان کے برادران جام منظور احمد گانگا، جام مشتاق احمد گانگا، جام ریاض احمد گانگا،جام فضل احمد گانگا کے دُکھ میں دلی اور روحانی طور پر شریک ہیں.
جام ہاؤس گانگا نگر سے روانگی سے قبل مخدوم احمد محمود نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قرض نہ لینے کے دعوے کرنے والے آج قومی اداروں کو گروی رکھ کر قرض لے رہے ہیں.
ستم یہ کہ اوپر سے ترقی و خوشحالی کے دعوے بھی کرتے ہیں.ملک کو چلانا، معیشت کو درست ٹریک پر لے کرآگے بڑھنا موجودہ ناسجھ اور سلیکٹڈ حکمرانوں کے بس کا روگ ہی نہیں ہے.
موجودہ حکمران سرائیکی وسیب کے عوام سے کیے گئے علیحدہ صوبے کے وعدے سے بھاگ چکے ہیں.لوگوں کی ڈیمانڈ صوبہ تھی اور صوبہ ہے. لولھے لنگڑے اور دو ٹکڑوں میں بٹے ہوئے ریموٹ کنٹرول سول سیکرٹریٹ کی تو کسی نے ڈیمانڈ ہی نہیں کی.
سرائیکی وسیب کے عوام کو صوبہ پیپلز پارٹی ہی دے گی.سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو شناخت کے حوالے سے سرائیکی وسیب کے عوام کے جذبات و احساسات کا پورا پورا علم اور احساس ہے.وسیب کے عوام ان سے اچھائی کی امید رکھیں.
پاکستان کی تاریخ میں اسمبلی کے اندر اگر کسی وزیر اعظم نے کھل کر بباہگ دہل سرائیکی صوبہ کی آواز بلند کی ہے تو وہ سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی صاحب ہیں.
آنے والا دور انشاء اللہ پیپلز پارٹی کا ہی ہوگا. اس موقع پر سرائیکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری حاجی نذیر احمد کٹپال، سابق ایم پی اے مخدوم محمد ارتضی ہاشمی کے کوآرڈینیٹر و چیف خلیفہ محمداصغر حمیدی،جام واحد بخش گانگا،سیٹھ جام محمد سلیم، ڈاکٹر غلام حسین گانگا، سردار عمران خان عباسی، جام مشتاق احمد، محمد راشد مجنوں گانگا. جام فیاض احمد گانگا،جام اختر حسین سمیت خاصی تعداد میں عمائدین گانگا نگر موجود تھے.