ضلعی حکومت اپنے فنکاروں اور ثقافتی ہنرمندوں کی قدر کرتی ہے,ڈپٹی کمشنر
رحیم یار خان : ضلع کی تاریخ ہزاروں سال پرانی ہے یہاں پاکستانی ثقافت اور تہذیب کا نہایت گہرا اثر ہے یہاں کی ثقافتی روایات بہت منفرد اور رنگارنگ ہیں۔ ضلعی حکومت اپنے فنکاروں اور ثقافتی ہنرمندوں کی قدر کرتی ہے اور انہیں سہولیات فراہمی کے حوالے سے بہت پرعزم ہے۔
ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف نے سول سوسائٹی اور روہی کے نمائندہ ثقافتی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ اور ثقافت کسی بھی قوم کی حقیقی کھوج کے اہم ترین ذرائع ہیں۔
موجودہ حکومت اپنی ثقافتی روایات کو زندہ و جاوید رکھنے کی خاطر ہرممکن اقدام اٹھا رہی ہیں۔ اسی سلسلے میں ضلعی انتظامیہ سول سوسائٹی اور ثقافتی نمائندگی کرنے والے تمام فنکار اور ہنرمندوں کے لئے ہروقت حاضر ہے۔
معاشرے میں صحتمندانہ رجحانات کو فروغ دینے کے لئے ثقافتی روایات کو فروغ دینا اشد ضروری ہے۔ اس موقع پر سول سوسائٹی کے نمائندگان سماجی رہنما فرحان عامر ایڈووکیٹ، روٹری کلب پاکستان کے ممبر ممتاز بیگ، معروف سکالر و ایکٹیوسٹ زاہد نثار، سماجی رہنما نوشین ہاشمی جبکہ چولستان کی ثقافت کے نمائندہ صدارتی ایوارڈ یافتہ فنکار کرشن لال بھیل کے بھائی معروف چولستانی فنکار دتولال بھیل،جاوید بھاٹ، منٹھار بھاٹ،اجمل بھیل و دیگر بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف نے دتو لال بھیل کو حالیہ ماسٹر آف ثقافتی موسیقی و آرٹ پروگرام میں نیشنل کالج آف آرٹس کی جانب سے تعریفی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے پر مبارکباد بھی دی۔