خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ میں "آرٹ اینڈ ڈیزائن نمائش” کا افتتاح
رحیم یار خان :خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی رحیم یار خان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر، ممبر صوبائی اسمبلی و ممبر سنڈیکیٹ چودھری مقصود، سینڈیکیٹ ممبر و ایم پی اے شاہدہ ملیکہ، وائس چانسلر یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور پروفیسر ڈاکٹر سید منور سرور، وائس چانسلر ایم این ایس یو سی ٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر اعجاز عامر نے "آرٹ اینڈ ڈیزائن نمائش” کا افتتاح کیا۔
نمائش کا اہتمام ڈیپارٹمنٹ آف ہیومینٹیز اینڈ سوشل سائنسز نے CSIT عمارت میں کیا تھا۔ نمائش میں خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی رحیم یارخان، بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان، دانش سکول اور روٹری کلب بہاولپور نے حصہ لیا۔ شرکاء نے نمائش میں خطاطی، مصوری، روہی کے مختلف مناظر کو ڈیزائن پر مشتمل فن پاروں کے سٹالز لگائے۔
وائس چانسلرز نے نمائش کے مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور آرٹسٹ طلبہ و طالبات کے ذوق کی تعریف کی۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر کا کہنا تھا آرٹ انسان کے اندر کی دنیا کو دریافت کرنے کا نام ہے۔ آرٹسٹ ہمیشہ معاشرے میں موجود سماجی مسائل کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے منتظمین کی کوششوں کو سراہا۔ اس موقع پر ڈین آف آل فیکلٹیز ڈاکٹر اصغر ہاشمی، ایڈیشنل رجسٹرار ڈاکٹر صغیر، ڈاکٹرثمینہ ثروت،وحید شہزاد، ماجد رشید اور دیگر فیکلٹی ممبرز بھی موجود تھے۔