پنجاب کی ثقافت کی ترویج و ترقی میں پنجاب آرٹس کونسل کا کردار…
تحریر: عابد حسن رضوی
صوبہ پنجاب کی ثقافت کو ملکی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے پنجاب آرٹس کونسل نے اعلیٰ روایات قائم کی ہیں۔پنجاب کونسل آف دی آرٹ بہاول پور کی جانب سے نہ صرف آرٹ اور کلچر کو فروغ دینے کے لئے بھر پور انداز میں کام کیا جارہاہے بلکہ آرٹ اور کلچر سے وابستہ افراد کی فلاح و بہبود کے کاموں پربھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔
اس سلسلہ میں آرٹسٹ سپورٹ فنڈ کا اجرا نہایت اہمیت کا حامل پروگرام ہے جس سے بہاول پور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے آرٹسٹ، دستکار، فنکار اور اس شعبہ سے منسلک دیگر متعلقہ افراد استفادہ کر رہے ہیں۔بہاول پور آرٹس کونسل نوجوان نسل کو ثقافت، تاریخ اور تہذیب و تمدن سے روشناس کرانے کے لئے متحرک انداز میں کام کررہا ہے۔
ہمیشہ کی طرح اس سال بھی پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے اور اس خوبصورت دھرتی کے رنگوں اور حسن کو اجاگر کرنے کے لئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر میڈم ثمن رائے کی سربراہی میں پنجاب آرٹس کونسل کی جانب سے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
پنجاب آرٹس کونسل نے اپنے قیام سے لے کر اب تک پنجاب کی تہذیب وثقافت اور مختلف علاقوں کی شاندار روایات کو اجاگر کرنے میں اپنا بھرپورکردار ادا کیا ہے اور اس ادارہ کی پاکستان میں اپنی الگ اور منفرد پہچان ہے۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر میڈم ثمن رائے کی قیادت میں پنجاب کی ثقافت کو فروغ ِدینے کے ساتھ ساتھ عوام الناس کو صاف ستھری اور صحت مند تفریح مہیا کی جارہی ہے اورپنجاب کے کلچر کو موثر انداز میں فروغ دینے کے لئے کلچر پالیسی مرتب کی گئی ہے۔
کلچر پالیسی کو متعارف کرانے کے لیے پنجاب کونسل آف دی آرٹس کی سربراہ اور افسران نے دن رات محنت کی جس کے مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
پنجاب کونسل آف دی آرٹس نے گذشتہ سالوں کی طرح امسال بھی یوم پاکستان کی سالانہ پریڈ 23 مارچ 2022ء کے موقع پر اپنا ثقافتی فلوٹ تیار کیا اور نہایت باوقار طریقہ سے پنجاب کے ہر خطہ کی ثقافت کو پاکستانی عوام کے سامنے پیش کیا۔
کونسل کے اس ثقافتی فلوٹ کو بے حد پذیرائی ملی اور صدر پاکستان نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل میڈم ثمن رائے کو ٹرافی عطا کی۔
ملکی سطح پر پنجاب کونسل آف دی آرٹ کی طرف سے مختلف میلہ جات میں شرکت کی جاتی ہے۔ اسی طرح لوک ورثہ میلے میں بھی پنجاب کونسل آف دی آرٹ بہاول پور کے آرٹسٹوں اور دستکاروں نے خطہ کی نمائندگی کی۔
واضح رہے کہ اس میلے میں پاکستان بھر سے آئے ہوئے دستکاروں کو اپنی اپنی ثقافت سجانے کا موقع ملتا ہے جو ان کی آمدنی کا بہترین ذریعہ بھی بنتا ہے۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل کی نگرانی میں شعبہ دستکاری سے وابستہ افراد کی فلاح و بہبود اور حوصلہ افزائی کے لئے ”فن مٹی سے“کے نام سے ایک ڈاکومنٹری بھی بنائی گئی جس میں بہاول پور ڈویژن کے فنکاروں اور دستکاروں نے بھر پور حصہ لیا۔
ڈاکومنٹری میں دستکاروں کا تیار کردہ فن دکھایا گیا ہے۔اس ڈاکومنٹری کو یوٹیوب پر تقریبا ً3 ملین سے زائد افراد نے دیکھا۔”فن مٹی سے“جیسی ڈاکومنٹری کو نہ صرف مقامی بلکہ عالمی سطح پر بھی خوب سراہاگیا ہے۔
پنجاب کونسل آف دی آرٹ بہاول پور معاشرتی و انسانی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
اس تناظر میں خواتین کو بااختیار بنانے کا معاملہ ہو یا معدوم ہوتے رسوم و رواج، ان سب اہم موضوعات پر پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔
سماجی ہم آہنگی اور باہمی محبت کے لیے پنجاب کا ثقافتی دن، بلوچ کلچرل ڈے اور سرائیکی دیہاڑ کو پرجوش انداز میں منایا جاتا ہے۔
اسی طرح پنجاب کی علاقائی ثقافت میں نئی روح پھونک کر اس ادارے نے اپنی سماجی ذمہ داری کو خوب نبھایا ہے۔
پنجاب کی سر زمین کی زرخیزی کی دنیائے عالم معترف ہے۔
پنجاب آرٹس کونسل کے زیر اہتمام صوبہ بھر میں نوجوان نسل کی پوشیدہ صلاحیتوں کو ابھارنے اور نکھارنے کی خاطر پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے صوبہ بھر کے تمام ڈویژن اور تمام اضلاع میں موسیقی، ادب، مصوری، لوک رقص، دستکاری،لوک ناٹک اور مختصر فلم بنانے کے مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔
اسی طرح بہاول پور آرٹس کونسل کے زیر انتظام ہر کیٹگری میں ضلع اور ڈویژن کی سطح پر مقابلہ جات منعقد کئے گئے جن میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور جیتنے والوں کو نقد انعامات اور تعریفی اسنادسے نوازا گیا۔
یہ امرقابل ذکر ہے کہ پنجاب آرٹس کونسل نہ صرف اپنے ورثہ کو نئی نسل میں منتقل کر رہا ہے بلکہ نوجوان نسل جو کہ کسی بھی ملک کا قیمتی اثاثہ ہوتی ہے
اس کے ٹیلنٹ کو منظر عام پہ لا کر حوصلہ افزائی کی فضا کوبھی جنم دے رہا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ پنجاب کی سرزمین قدیم تہذیب وتمدن کی دولت سے مالا مال ہے جسے نسل نو کے سامنے پیش کرنے کے لئے متعدد پروگرامز ترتیب دیئے گئے ہیں۔
پنجاب میں موجود تمام قدیم تہذیبوں کو اجاگر کرنے کے لئے بھی اقدامات جاری ہیں اور ان پروگرامز کو ڈائمنڈ جوبلی سے منسلک بھی کیا جارہا ہے۔
بہاول پور آرٹ کونسل کے زیر اہتمام قدیم تہذیب کو دنیا بھر میں متعارف کرانے کے لئے اس سال فیسٹیول کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں ہاکڑا تہذیب کو نمایاں کرنے کے لیے میلہ سجایا جائے گا۔
میلہ میں کرافٹ بازار،ثقافتی کانفرنس،سیمینار،قدیم شہر کے ماڈل،لوک موسیقی،لوک رقص اورثقافتی نمائش منعقد کی جائیں گی۔
اس اہم پروگرام سے نوجوان نسل اپنی تاریخ، تہذیب و تمدن اور ثقافت سے روشناس ہوگی۔
واضح رہے کہ پنجاب کونسل آف دی آرٹ بہاول پور خطہ کی عوام کو اپنی اعلیٰ اقدار اور رسوم و رواج سے روشناس کرانے اور دنیا بھر میں اپنے کلچر کو متعارف کرانے کے لئے سرگرم عمل ہے۔
اس حوالہ سے علاقے کے شعراء، ادیب، دانشور، فنکار، دستکار، گلوکار اور آرٹس کونسل سے وابستہ دیگر افراد اور طلبا و طالبات کا کردار بہت نمایاں ہے۔