خواجہ فرید یونیورسٹی طلبہ و طالبات کو ملکی اور غیرملکی فرمز میں ملازمت کے مواقع
رحیم یار خان:خواجہ فرید یونیورسٹی اف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی سے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات کو ملکی اور غیرملکی فرمز میں ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کیلئے کیریئر کونسلنگ کا شعبہ مختلف اقدامات اٹھا رہا ہے۔
فرسٹ ویمن بینک کے ساتھ ہوئے ایک ایم او یو کے تحت 60 طلبہ وطالبات کو معقول معاوضے کے ساتھ انٹرن شپ کا موقع دیا گیا ہے۔
یہ طلبہ و طالبات مختلف شہروں میں موجود بینک کی برانچوں میں کام کریں گے اور اپنے کیریئر کی بہتری کیلئے پیشہ ورانہ تربیت حاصل کریں گے تاکہ بینکنگ کے شعبہ میں آگے بڑھ سکیں۔
اس حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے ڈائریکٹر کیریئر کونسلنگ اینڈ انڈسٹریل پلیسمنٹ ڈاکٹر محمد عرفان نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل فرسٹ ویمن بینک کے ساتھ ہمارا ایم او یو ہوا تھا جس کے تحت اب بینک نے ہماری یونیورسٹی کے 60 طلبہ و طالبات معقول معاوضہ کے ساتھ انٹرن شپ کا موقع فراہم کیا ہے یہ طلباء و طالبات ملک کے مختلف شہروں میں اپنی خدمات دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر کی ہدایات کے مطابق انڈسٹری لنکج کو زیادہ سے زیادہ اہمیت دی جا رہی ہے۔
فارغ التحصیل طلبہ کو بروقت ملازمتوں کی فراہمی کیلئے متعدد کمپنیوں اور اداروں کے ساتھ ایم او یوز سائن کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور کی ایک نجی کمپنی کی شرائط کے مطابق کچھ سٹوڈنٹس کی سی وی ارسال کر دی ہے جہاں انہیں ملازمت ملنے کے امکانات ہیں۔
اسی طرح آئی ٹی کے طالب علموں کے لیے جاپان میں جاب مارکیٹ کے لیے سیشن کیاگیا ہے جس کے ذریعے شعبہ آئی ٹی سے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات کو جاپان میں کام کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سمر انٹرن شپ پروگرام میں ڈیپارٹمنٹ آف فوڈ سائنسزاینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اشتراک سے فلور ملز میں طلبہ و طالبات کو روزگار فراہم کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ نامور کمپنیوں کے اشتراک سے سیمینارز کا انعقاد کیاگیا ہے جس سے یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کیلئے ملازمتوں کی راہ ہموار ہوگی۔