نئی حلقہ بندیاں کسی بھی لحاظ سے درست نہیں ہیں,میاں امتیازاحمد

رحیم یارخان: سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری ومسلم لیگ (ن) کے ضلعی جنرل سیکرٹری میاں امتیازاحمد نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے کی گئی نئی حلقہ بندیاں کسی بھی لحاظ سے درست نہیں ہیں‘
ہم ان حلقہ بندیوں کونہیں مانتے‘نئی حلقہ بندیوں کے خلاف اپنے وکلاء پینل کے ذریعے اپیلوں میں جائیں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر بلدیاتی الیکشن اور نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے سابق کونسلرز اور مسلم لیگ (ن)کی سرکردہ شخصیات کے ساتھ مشاورتی میٹنگ میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے سٹی صدر وسابق ایم پی اے محمدعمرجعفر‘ جنرل سیکرٹری عمرحمیدچوہدری‘ سابق وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی عبدالطیف بھٹی بھی موجود تھے۔

میاں امتیازاحمد نے مزید کہا کہ خیبرپختونخواہ کے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدواروں کوبری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے‘

اب بلدیاتی الیکشن میں بھی پی ٹی آئی کو اپنی یقینی شکست نظرآرہی تھی اور یہی وجہ ہے کہ نئی حلقہ بندیوں میں اپنی من مرضی کی گئی ہے جسے مسلم لیگ(ن) مسترد کرتے ہوئے عدالتوں میں چیلنج کیاجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت نے غریب عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے مہنگائی کے باعث غریب عوام خودکشیوں پر مجبور ہیں لیکن حکومتی ورزراء سب اچھا کا راگ الاپ رہے ہیں۔

میاں امتیازاحمد نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن ہوں یا جنرل الیکشن‘ عوام عمران خان کو اس کے کئے کی سزا ضرور دے گی۔محمدعمرجعفر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی نظریں اب مسلم لیگ (ن) کی طرف ہیں کیونکہ مسلم لیگ (ن) ہی واحد جماعت ہے جس نے ہمیشہ برسراقتدار آکر غریب عوام کیلئے آسانیاں پیدا کی ہیں۔

مسلم لیگ (ن) نے ملک بھر میں ترقیاتی کاموں کے جال بچھائے اور عوامی مسائل حل کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) انتخابی عمل کیلئے پوری طرح تیار ہے انشاء اللہ ہرمیدان میں پی ٹی آئی کو بری طرح شکست کا منہ دیکھنا پڑے گا۔

اس موقع پر عبدالطیف بھٹی‘ عمرحمیدچوہدری‘ رانا شیرافگن ایڈووکیٹ‘ چوہدری محمدرفیق‘ غلام فرید برڑہ‘ آمنہ بیگم ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

Show More

اک نظر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button