حقائق کی کھوج کے لیے انٹیروگیشن پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ سر انجام دیں
رحیم یارخان: ڈی پی او رحیم یارخان کیپٹن(ر) محمد علی ضیاء ضلع کے مختلف علاقوں کو دورہ جاری رکھے ہوئے ہیںانہوں نے خان پور سرکلز کے ایس ڈی پی او اور ایس ایچ اوز کی میٹنگ کے بعد ڈی ایس پی لیاقت پور اللہ یار سیفی اور سرکل کے تفتیشی افسران کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کی جس میں انہوں نے مقدمات کے تفتیشی مراحل پر میٹنگ کرتے ہوئے زیر تفتیش مقدمات کی پراگرس کا جائزہ لیا اور انہیں بہتر طور پر میرٹ پر یکسوئی کو یقینی بنانے کے لیے مختلف ہدایات دیں اور کہا کہ مقدمات میں دو فریق ہوتے ہیں اور دونوں ہی انصاف اور میرٹ کے لیے برابر کے حق دار اس لیے تفتیش کرتے وقت غیرجانبداری کے اصول کو مد نظر رکھیں اور حقائق کی کھوج کے لیے انٹیروگیشن پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ سر انجام دیں،
اس موقع پر انہوں نے دیگر پیشہ ورانہ امور پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر کرنے والے کاموں کی فہرست کھولیں اور پھر ایک اچھے سٹوڈنٹ کی طرح جو کام اہم ترین اور جلد ہو سکتے ہیں سے شروع ہو کر دن کے آخری گھنٹے تک اپنی پوری توانائی کے ساتھ ایک ایک کر کے نمٹانے کی کوشش کرتے چلے جائیں جو پنڈنگ رہ جائے تو اگلے دن اسے سرے فہرست رکھ لیں اور پھر اللہ کا نام لے کر شروع ہو جائیں،
انہوں نے کہا کہ پولیس ورکنگ جہد مسلسل ہے اس لیے اگر آپ فری ہونے کا سوچیں تو یقیناً خام خیالی سے زیادہ کچھ نہیں، انہوں نے اپنے دورہ کے دوران غلام محی الدین شہید پٹرولنگ پوسٹ، متعدد دریائی پوسٹس خصوصاً کچہ کی پوسٹ ٹھل حمزہ کا دورہ کر کے حالات کا جائزہ لیا اور تمام مدات کے بارہ میں ہدایات جاری کیں،
اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ رکن پور انسپکٹر چوہدری یسین گجر بھی ان کے ہمراہ تھے جنہوں نے انہیں بریفنگ پیش کرتے ہوئے آگاہی فراہم کی، ڈی پی او محمد علی ضیاء نے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی حاصل شدہ تربیت، ایس او پیز اور حکمت عملی کے ساتھ پوری دیانات داری سے سر انجام دیں اور وہ ان کے تمام مسائل کے حل اور ویلفیئر میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔