اوورسیز پاکستانی کمیٹی میں موصول22درخواست گزاروں کے مکمل دلائل سننے کے

رحیم یار خان:ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا ملکی ترقی اور معاشی استحکام میں کلیدی کردار ہے،

دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں کو اپنے ملک میں زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی اور ان کی جان ومال کا تحفظ حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی اوور سیز پاکستانی کمیٹی کے اجلاس میں دیگر ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی موصول ہونے والی درخواستوں کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے ضلعی اوورسیز پاکستانی کمیٹی میں موصول22درخواست گزاروں کے مکمل دلائل سننے کے بعد قانون کے مطابق متعلقہ محکموں کو درخواست گزاروں کے مسائل حل کرنے کی احکامات جاری کئے۔

انہوں نے سرکاری محکموں کے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ اوور سیز پاکستانی کمیٹی میں موصول ہونے والی درخواستوں پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)بیرسٹر بلال سلیم، اسسٹنٹ کمشنر عظمان چوہدری، فوکل پرسن جام محمد نعیم، تنویر کھرل سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔

دریں اثناء ڈپٹی کمشنر نے وزیر اعظم پورٹل پر موصول شکایات پر محکمانہ کارکردگی کا جائزہ بھی لیا اور افسران کو ہدایت کی کہ وہ شکایات پورٹل میں موصول ہونے والی عوامی شکایات کو میرٹ پر فوری حل کریں،

عوامی شکایات میں تاخیر کرنے والے افسران و اہلکاران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر نے کہا ہے کہ حکومت ملک سے پولیو کے خاتمہ کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

محکمہ صحت او ردیگر تعاون کرنے والے محکمہ جات کے افسران انسداد پولیو کی قومی مہم کو کامیاب بنانے کے لئے مکمل ذمہ داری کے ساتھ فرائض سر انجام دیں۔

یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر حسن خان، ڈی ایچ او ڈاکٹر زبیر اقبال، ڈاکٹر محمد عمران، ڈاکٹر عمر فاروق سمیت دیگر موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ دور دراز اورکچے کے علاقوں میں موبائل ٹیموں کے دورے کو یقینی بنایا جائے پانچ سال سے کم عمر کا کوئی بچہ حفاظتی قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔

انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کی کامیابی کے لئے اجتماعی کوششیں کرنا ہوں گی اور تمام متعلقہ محکمے محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں۔

انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران بھر پور آگہی مہم چلائی جائے اور اسسٹنٹ کمشنر ز اپنی تحصیلوں میں روزانہ مہم کی نگرانی کریں۔اجلاس میں محکمہ صحت کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع میں 10لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) و ایڈمنسٹریٹر بلدیہ بیرسٹر بلال سلیم نے شہر میں سیوریج و صفائی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے مختلف مضافاتی علاقوں کا دورہ کیا۔انہوں نے اپنے دورہ کے دوران فرائض میں غفلت برتنے پر سینٹری انسپکٹر سلامت، سینٹری سپر وائزر رحمت کو شوکاز، سینٹری ورکر سیموئل کو معطل جبکہ ایک ماہ سے غیر حاضر سیور مین غلام حسین کی ایک ماہ کی تنخواہ کاٹنے کی ہدایات جاری کی۔

انہوں نے گلشن عثمان، مڈدرباری، انڈسٹریل ایریا سمیت دیگر علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ محنتی سٹاف کی عزت و تکریم کی جائے گی جبکہ کام چور اور اپنے فرائض میں غفلت برتنے والے اہلکاروں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مسائل موجود ہیں مگر ہم نے مل کر اور دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے شہریوں کو سہولیات فراہم کرنا ہیں۔انہوں نے کہا کہ بغیر اجازت غیر حاضر عملہ کی تنخواہ کاٹی جائے گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ سیوریج مسائل کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر مین لائنوں کی ڈی سلٹنگ کی جائے جبکہ بند لائنوں کو فنکشنل کرنے کے لئے محنت و لگن سے کام کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر کی واضح ہدایات ہیں کہ سیوریج و صفائی سے متعلقہ شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور تمام حل ہونے والی شکایات کا مکمل ریکارڈ رکھا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ چیف افسر شکایات سیل پر موصول ہونے والی روزانہ کی شکایات کی تفصیلات ارسال کریں جبکہ شہر و مضافاتی علاقوں میں کوئی مین ہول ڈھکن کے بغیر نہیں ہونا چاہئے۔

اک نظر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button