چولستان ڈیزرٹ ریلی کے انتظامات مکمل
بہاول پور(رحیم یارخان ڈیسک)17 ویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے انتظامات کے سلسلہ میں کمشنر آفس بہاول پورکے کانفرنس روم میں میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔
ویڈیو لنک اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب ثاقب ظفر، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان، کمشنر بہاول پورڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال، ریجنل پولیس آفیسر بہاول پور شیر اکبر، ڈپٹی کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاول پور محمد فیصل کامران، ڈپٹی کمشنر بہاول نگر کیپٹن(ر) محمد وسیم،ڈپٹی کمشنر رحیم یارخاں مہتاب وسیم اظہر، فور بائی فور کلب کے عہدیدار زین محمود، چوہدری محمود مجیداور چیمبر آف کامرس کے اراکین سمیت دیگر سول و ملٹری افسران شریک ہوئے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب ثاقب ظفر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی وطن عزیز کے مثبت امیج کا ذریعہ ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے اس میگاایونٹ کے کامیاب اور شاندار انعقاد کے لیے تمام محکمہ جات مربوط حکمت عملی کے تحت بہترین انتظامات کو یقینی بنائیں۔
ایڈیشنل انسپکٹر جنرل جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے لیے ٹریفک مینجمنٹ پلان اورفول پروف سکیورٹی کی فراہمی کے لیے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔
کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کو شایان شان فیسٹیول کے طور پر منایاجائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈیزرٹ ریلی، ڈرٹ بائیک ریس، آتش بازی و چراغاں، ایرو شو، فوڈ سٹریٹ و مقامی دستکاری شو، پیراگلائیڈنگ، اونٹ ریس، میوزیکل نائٹ، سپورٹس مقابلے، میراتھن ریس، چو لستان ڈیزرٹ ریلی کا حصہ ہوں گے۔
کمشنر بہاول پور نے اجلاس کو بتایا کہ17 ویں چولستان ڈیزرٹ ریلی کی افتتاحی تقریب 9 فروری 2022ء کومنعقد ہوگی اور انٹرنیشنل چولستا ن ڈیزرٹ ریلی کے اس میگا ایونٹ کے مو قع پرڈویژن بھر کے تینوں ملحقہ اضلاع میں ایک ہفتہ تک شاندار تقریبات منعقد کی جائیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیشنل چو لستان ڈیزرٹ ریلی کی اختتامی تقریب و تقسیم انعامات13 فروری2022 ء کو منعقد ہوگی۔ کمشنر بہاول پورڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال نے اجلاس کو بتایا کہ اس موقع پر بہاول پور ڈویژن کے تینوں اضلاع میں میلہ کی طرز پر تقریبات اور فوڈ سٹریٹس سمیت مقامی کلچر کے فروغ کی تقریبات بھی منعقد کی جائیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈیزرٹ ریلی کے انتظامات کو فول پروف بنانے کے لئے تمام محکمہ جات کی ریہرسل بھی کرائی جائے گی۔