محکمہ اوقاف کی ملکیتی زمینوں کی نیلامی ضلعی سطح پر کمیٹیاں تشکیل
رحیم یار خان:صوبائی سیکرٹری اوقاف نبیل جاوید نے کہا ہے کہ محکمہ اوقاف کی ملکیتی زمینوں کی شفاف نیلامی، نیلام شدہ زمینوں کی باقاعدگی سے ریکوری اور ناہندگان و ناجائز قابضین سے اوقاف کی زمینیں واگزار کرانے کے لئے صوبہ بھر میں ضلعی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں
جس کے کنوینئر ڈپٹی کمشنرز اور ممبران میں ڈی پی او، اسسٹنٹ کمشنرز، ایس ڈی پی اوز اور محکمہ اوقاف کے مقامی افسران شامل ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزد کے ہمراہ ضلع میں محکمہ اوقاف کی زمینوں، نیلامی کے عمل اور ریکوری اہداف کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ اوقاف اپنی ایسی تمام زرعی و کمرشل زمینوں کی نشاندہی کرکے ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کرے جہاں پر ناجائز قابضین ہیں یا وہ باقاعدگی سے اپنی لیز کی رقم محکمہ کو فراہم نہیں کر رہے۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او محکمہ اوقاف کی زمینیں قابضین سے واگزار کرانے میں اپنا کردار ادا کریں گے
جبکہ ایسے افراد کی بھی لیز منسوخ کی جائے گی جو محکمہ کو طے شدہ ضوابط کے باوجود ادائیگی نہیں کر رہا۔انہوں نے محکمہ اوقاف کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر ایسی تمام زرعی و کمرشل زمینوں اور محکمہ کی ملکیت کاروباری مراکز کی نشاندہی ضلعی سطح پر قائم کمیٹی میں کریں تاکہ ایسے افراد کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے زمین واگزار اور کاروباری مراکز کی لیز منسوخ کرکے دوبارہ نیلام کی جا سکے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ ضلع میں محکمہ او قاف کی ملکیتی زمینوں کی شفاف نیلامی کو یقینی بنائے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو کہا کہ اگر محکمہ اوقاف کی کوئی زمین عوامی مفاد عامہ کے منصوبوں کے لئے درکار ہے تو اس کی بھی نشاندہی کی جائے محکمہ مفاد عامہ کے لئے زمین فوری متعلقہ محکمہ کو منتقل کرنے کے حوالہ سے اقدامات کرے گا۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے بتایا کہ انہیں محکمہ اوقاف کی زمینوں او ریکوری اہداف میں حائل مشکلات کے حل کیلئے تشکیل دی جانے والی کمیٹی کا نوٹیفکیشن موصول ہو گیا ہے اور اس سلسلہ میں جلد اجلاس بلا کر محکمہ کو درپیش مسائل کا ازالہ کیا جائے گا اور اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ،پولیس اپنے مکمل تعاون کو یقینی بنائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ محکمہ اوقاف کے عملہ کے ساتھ تعاون کریں اور ان کی جانب سے نشاندہی پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔