رحیم یارخان میں قتل کے ملزم کو تھانہ اقبال آباد میں مہمانوں جیسا پروٹوکول
رحیم یارخان: قتل کے ملزم کو تھانہ اقبال آباد میں مہمانوں جیسا پروٹوکول‘ ملزم کی نشاندہی کے باوجود اقبال آباد پولیس دیگر قاتلوں کو گرفتار کرنے سے گریزاں‘
مقتول محمدعامر چوہان کی بیوہ ماں انصاف کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور‘ بزرگ بیوہ خاتون کا وزیراعلیٰ پنجاب‘ آئی جی پنجاب‘ آرپی او بہاولپور اور ڈی پی او ررحیم یارخان سے مقدمہ میں ملوث دیگر ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ۔
تفصیل کے مطابق تھانہ اقبال آباد کی حدود موضع پیر بھورا سلطان کی رہائشی بزرگ بیوہ صغراں بی بی نے اپنے مجذوب بیٹے ساجد‘ بیٹیوں اور دیگر ورثاء کے ہمراہ احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ بتایا کہ میرے بیٹے کے قتل میں گرفتار ملزم فیاض احمد جس نے چند دن قبل خود گرفتاری پیش کی اور تفتیش کے دوران ملزم نے قتل میں ملوث اپنے ساتھی ساجد کی نشاندہی کی‘
ملزم کے اعتراف جرم اور نشاندہی کے باوجود تاحال پولیس دیگرقاتلوں کو نہ صرف گرفتار کرنے میں غفلت برت رہی ہے بلکہ بااثر افراد کی سفارش اور رشوت کے عوض ایف آئی آر میں اغواء‘ تشدد اور دہشت گردی جیسی سنگین دفعات نہ لگا کر ملزم کو بچانے میں مصروف ہے۔
صغراں بی بی نے بتایا کہ بدبخت درندوں نے میرے بیٹے عامر چوہان کو بیدردی سے قتل کرکے میرے گھر کا واحد سہارا بھی چھین لیا ہے اور دوسری طرف پولیس بااثر افراد سے ملی بھگت کرکے میرے بیٹے کے قاتلوں میں بچانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
بیوہ صغراں بی بی نے کہا کہ میرے بیٹے کے قتل کے تمام ملزمان کواگر گرفتار نہ کیاگیا اور مقدمہ میں سنگین دفعات شامل نہ کی گئیں تو اپنی معصوم بیٹیوں اور مجذوب بیٹے کے ہمراہ موٹروے پر خودسوزی کرلوں گی۔
انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ مقتول عامر چوہان کے تمام قاتلوں کو گرفتار کرکے قرارواقعی سزا دیتے ہوئے ہمیں انصاف فراہم کیاجائے۔