گاڑیوں کی فروخت کی آڑمیں ایک ارب سے زائد مالیت کا فراڈ،ڈیلر روپوش
رحیم یارخان:گاڑیوں کی فروخت کی آڑمیں نجی کمپنی کا ڈیلرکی مددسے خریداروں سے ایک ارب سے زائد مالیت کا فراڈ،ڈیلر روپوش،متاثرین کا چیف جسٹس آف پاکستان،وزیر اعظم پاکستان اورآرمی چیف سے فوری طورپر نوٹس لینے اورکاروائی کا مطالبہ۔
رحیم یارخان سے تعلق رکھنے والے شہری ڈاکٹر محمد پرویز،یاسر محمودزئی،ملک وقار احمدنے میڈیا کو بتایا کہ الحاج آٹوموٹیو(پروٹان موٹرز)کراچی کی کمپنی سے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے 130افراد نے الحاج آٹوموٹیو سے پروٹان نامی گاڑی جس کی مالیت 72لاکھ روپے ہے بک کروائی جبکہ رحیم یارخان سے الفاموٹرزکے نام سے اسامہ نامی ڈیلر کو گاڑیوں کی بکنگ کی کمپنی کے قوائد وضوابط کے مطابق تمام رقم بذریعہ بنک ڈرافٹ کمپنی کے اکاونٹ میں جمع کروا دی گئی جو کہ تقریباً 1ارب بنتی ہے،کمپنی نے چند افراد کو اعتماد حاصل کرنے کے لئے گاڑیاں دے دی گئیں لیکن باقی افراد کو صرف ٹال مٹول سے کام لیا جارہا ہے کافی لوگوں کو رقم واپسی کے لئے کمپنی نے چیک دیئے لیکن وہ بوگس ثابت ہوئے انہوں نے بتایا کہ اب ر حیم یارخان سے الفاموٹرزکے نام سے اسامہ نامی ڈیلر بھی شوروم بند کر کے فرار ہوچکا ہے انہوں نے کہا کہ ہم نے کمپنی کے خلاف ہر فورم پر کاروائی کے لئے دستک دی لیکن ابھی تک نہ ہی ہمارے پیسے واپس ملے ہیں اور نہ ہی کمپنی کے خلاف کوئی کاروائی ہے متاثرہ شہریوں نے حکومت پاکستان اور متعلقہ محکموں سے کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔