شیخ زید ہسپتال میں سروسز ڈلیوری پر خصوصی توجہ دی جائے،سیکرٹری ہیلتھ

رحیم یار خان:سیکرٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب محمد اقبال کا دورہ رحیم یار خان۔ انہوں نے اپنے دورہ کے دوران شیخ زید میڈیکل کالج و ہسپتال، حب اینڈ سکوپ ماڈل ہسپتال ظاہر پیر، شیخ زید ہسپتال فیز ٹو کی تعمیراتی سائیٹس اور دیہی مرکز صحت میانوالی قریشیاں کا دورہ کیا۔

سیکرٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب محمد اقبال نے شیخ زید ہسپتال کے دورہ پر مختلف وارڈز میں جاکر میڈیکل و پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری، صفائی صورتحال، ادویات کی دستیابی و فراہمی اور میڈیکل سروس ڈلیوری کا جائزہ لیا۔

انہوں نے مختلف وارڈز میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور دستیاب مشینری کے فنکشنل ہونے کو چیک کیا اس دوران انہوں نے وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی طبی سروسز بارے معلومات حاصل کیں۔

پرنسپل شیخ زید میڈیکل کالج و ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر سلیم لغاری اور ایم ایس ڈاکٹر آغا توحید نے شیخ زید میڈیکل کالج و ہسپتال کے مختلف امور، میڈیکل سروسز بارے تفصیلی بریفنگ دی۔
سیکرٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب نے شیخ زید میڈیکل کالج وہسپتال میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی جس میں پرنسپل شیخ زید میڈیکل کالج و ہسپتال، ایم ایس، سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر حسن خان سمیت مختلف شعبہ جات کے سربراہان نے شرکت کی اور اپنے محکمہ میں دستیاب طبی سہولیات بارے بریفنگ دی۔

شیخ زید میڈیکل کالج و ہسپتال حکام کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہسپتال میں پیتھالوجی اور دیگر رپورٹس کو ڈیجیٹلائزڈ کیا جا رہا ہے اور ہسپتال میں میڈیکل لیگل سسٹم آن لائن ہے۔ہسپتال میں روزانہ اوسطاً 7سے8ہزار مریض آتے ہیں اور ہسپتال میں کارڈیک سمیت مختلف شعبہ جات میں سرجری کی کوالٹی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔

حب اینڈ سکول ماڈل ہسپتال ظاہر پیر اور شیخ زید ہسپتال فیز ٹو کے تعمیراتی کاموں پر آئی ڈیپ حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حب اینڈ سکول ماڈل ہسپتال ظاہر پیر56کنال اراضی پر 366بستر کا ہسپتال زیر تعمیر ہے اور اس میں ٹراما، گائنی، میڈیسن اور دیگر ایمرجنسی سروسز فراہم کی جائیں گی۔

سیکرٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب محمد اقبال نے ہدایت کی کہ حب اینڈ سکوپ ماڈل ہسپتال اور شیخ زید ہسپتال فیز ٹو پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے،

زیر تعمیر منصوبوں میں کوالٹی میٹریل کے استعمال پر کسی قسم کا سمجھوتا نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان پنجاب کے ساتھ ساتھ صوبہ سندھ اور بلوچستان کے مریضوں کو بھی طبی سہولیات فراہم کرتا ہے

لہذا اس ہسپتال میں سروسز ڈلیوری پر خصوصی توجہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے ہسپتال عملہ خندہ پیشانی سے پیش آئے اور دوران علاج مریضوں کے ورثاء کو مکمل رہنمائی فراہم کی جائے۔

انہوں نے ہسپتال میں ادویات کے وافر سٹاک کی ہمہ وقت دستیابی کو بھی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔

اک نظر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button