تازہ ترین خبروں کے لئے موبائل ایپ ڈاون لوڈکریں

ڈوان لوڈ

سڑکیں صاف ،محلے برباد، ستھراپنجاب نے گنجان آبادیوں کے رہائشیوں کا جینا دوبھر کردیا

رحیم یارخان:سڑکیں صاف ،محلے برباد، ستھراپنجاب منصوبہ نے گنجان آبادیوں کے رہائشیوں کا جینا دوبھر کردیا، جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر اور فلتھ ڈپو تاحال قائم، ستھراپنجاب انتظامیہ صرف فوٹو سیشن تک محدود، 1ہزار سے زائد سرکاری و پرائیویٹ ملازمین صرف سڑکیں صاف کرنے میں مصروف، محلے اور گلیوں میں کچرے کا راج،

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب منصوبے میں ٹھیکیداروں نے کروڑوں روپے کے فنڈز کو منصوبہ میں لگانے کی بجائے جیبوں میں بھرنا شروع کررکھاہے۔

افسران اور عوام کو کارکردگی دکھانے کی غرض سے صرف معروف سڑکوں کی صفائی پر دن رات ایک ہزار سے زائد ملازمین کو لگادیاگیا ہے جبکہ گنجان آبادیوں میں جگہ جگہ فلتھ ڈپو اور کچرے کے ڈھیر تاحال قائم ہیںجہاں سے اٹھنے والے تعفن اور بدبو سے مکینوں کا سانس لینا بھی دوبھر ہوچکاہے۔

دوسری جانب ستھراپنجاب کے ٹھیکیداروں نے صرف معروف سڑکوں کی صفائی کے فوٹوسیشن کو ہی وطیرہ بنالیا ہے۔ گنجان آبادیوں مستان شاہ، پٹھانستان، اسلامیہ کالونی، حسین آباد، خواجہ کالونی، گلشن عمر، ٹبی لاڑاں ، حسیب ٹائون،حبیب کالونی، ظفر آباد، بھٹہ کالونی ،بستی پیر شہیداں کے مکین افتخار حسین، شہزاد احمد ، محمد خالد ، ارشاد خان، محمد یونس، احسن خان، زین خان ودیگر نے میڈیا کو بتایاکہ ستھرا پنجاب منصوبہ سے بھی عام لوگوں کو کوئی خاص فائدہ نہیں ہورہا کیونکہ عملہ صفائی بھی انکے علاقوں میں کئی کئی نہیں آتے جس کے باعث گلیاں کچرے کے ڈھیر میں تبدیل رہتی ہیں۔

اسی طرح ستھراپنجاب نے کروڑوں روپے لگاکر کچرا اٹھانے والی گاڑیوں کو لگارکھا ہے مگر یہ گاڑیاں بھی صرف چند گلیوں سے کچرا لیکر غائب ہوجاتی ہیں اور اس طرح گاڑیوں میں استعمال ہونے والے تیل کی مد میں روزانہ کی بنیاد پر غبن کیا جارہاہے جس میں ستھرا پنجاب کی انتظامیہ ، سپروائزرز اور دیگر من پسند لوگ شامل ہیں اورذاتی مفادات حاصل کررہے ہیں۔

مکینوں کا مزید کہنا تھاکہ ستھرا پنجاب منصوبہ صرف فوٹوسیشن رہ گیا ہے کیونکہ گنجان آبادیوں میں اب بھی خالی پلاٹس فلتھ ڈپو بنے ہوئے ہیں اور اس طرح ستھرا پنجاب کی نہ تو گاڑیاں آتی ہیں اور نہ ہی صفائی والا عملہ آتا ہے گھروں میں بھی کئی کئی روز تک کچرا پڑے رہنے سے تعفن اور بدبو سے مکین پریشان ہیں۔

اس منصوبہ کے ٹھیکیداروں نے صرف اپنے افسران کو خوش کرنے کے لیے چند ایک معروف سڑکوں کو تینوں ٹائم صاف کرنے کا ہی ٹھیکہ لیا ہے پورے شہر کی گنجان آبادیوںکا وزٹ کرکے دیکھیں ستھراپنجاب منصوبہ سے کوئی فرق نہیں پڑا بلکہ عوام کے پیسوں کو برباد کیاجارہاہے۔

اک نظر

Back to top button