پنجاب سرمایہ کاروں کے لیے ’’ون اسٹاپ شاپ‘‘ سہولت فراہم کر رہا ہے
رحیم یارخان : وزیر صنعت چوہدری شافع حسین کی سربراہی میں وفد کا ہانگ کانگ کا سرکاری دورہ — پنجاب اور ہانگ کانگ کے درمیان اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط
وزیرِ صنعت، تجارت و سرمایہ کاری پنجاب چوہدری شافع حسین کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ہانگ کانگ کا سرکاری دورہ کیا۔ وفد میں رحیم یار خان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ولید احمد اور ہانگ کانگ ویزا ایپلیکیشن سینٹر کے منیجنگ ڈائریکٹر وہاب طارق بٹ بھی شامل تھے۔

دورے کے دوران وفد نے ہانگ کانگ جنرل چیمبر آف کامرس (HKGCC) کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور مختلف صنعتی اداروں کا دورہ کیا۔
اس موقع پر پنجاب کے محکمہ صنعت، تجارت و سرمایہ کاری (ICID) اور ہانگ کانگ جنرل چیمبر آف کامرس کے مابین دوطرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔
یہ معاہدہ وزیرِ صنعت چوہدری شافع حسین اور ہانگ کانگ جنرل چیمبر کی چیئرپرسن ایگنس چان بی بی ایس کے درمیان طے پایا۔
وزیرِ صنعت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب سرمایہ کاروں کے لیے ’’ون اسٹاپ شاپ‘‘ سہولت فراہم کر رہا ہے،
جس سے سرمایہ کاری کے عمل کو مزید تیز، شفاف اور مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت مقامی کاروباری اداروں کو بین الاقوامی مارکیٹس تک رسائی کے لیے بھرپور تعاون فراہم کر رہی ہے۔
مزید برآں، انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ہانگ کانگ کو چین کے مین لینڈ تک رسائی کا گیٹ وے سمجھتی ہے اور مستقبل میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، قابلِ تجدید توانائی اور جدید صنعتی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں علم و مہارت کے تبادلے کی خواہاں ہے۔
رحیم یار خان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ولید احمد نے اس معاہدے کو پاکستان، بالخصوص پنجاب کے لیے سرمایہ کاری اور برآمدات کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ پنجاب کے صنعتی و تجارتی شعبے کے لیے عالمی منڈیوں تک رسائی کے نئے دروازے کھولے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ رحیم یار خان انڈسٹریل اسٹیٹ سی پیک پر واقع ہے جبکہ رحیم یار خان اسپیشل اکنامک زون میں نئی انڈسٹری لگانے اور مشینری درآمد کرنے پر ٹیکس میں نمایاں چھوٹ دی گئی ہے۔
ولید احمد نے یقین دلایا کہ رحیم یار خان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اس تعاون کو مزید مستحکم کرنے میں فعال کردار ادا کرتا رہے گا تاکہ خطے میں پائیدار ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا سک






