رحیم یار خان اورگردونواح میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا جن بے قابو
رحیم یار خان اورگردونواح میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا جن بے قابو‘مساجد اور گھروں میں پانی ختم‘ خواتین بچے بوڑھے گرمی سے نڈھال‘سورج بھی آگ برسانے لگا‘عوام کو ریلیف کے حکومتی دعوے ٹھس‘کاروبار تباہ‘متعدد افراد بے ہوش‘ شہری سراپا احتجاج وفاقی وزیر پانی و بجلی سے رحم کی اپیل۔
گرڈ اسٹیشن ضلع رحیم یار خان کے اہلکاروں نے پچھلے کئی روزسے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جو بڑھتے بڑھتے دن میں 9 گھنٹوں تک پہنچ گیا ہے۔ سروے کے مطابق تین گھنٹے صبح‘ تین دوپہر‘ تین گھنٹے شام گئے لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب سورج بھی نیچے آ کر شہریوں کو جھلسانے میں مصروف ہے۔ اس قدر لوڈشیڈنگ سے دن کے اوقات میں مساجد اور گھروں میں پانی ختم ہو جاتا ہے اور گرمی کی شدت سے خواتین بچے بوڑھے بے حال ہو جاتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق چند روز میں زیادہ لوڈ شیڈنگ کے باعث متعدد شہری بے ہوشی سے بھی دوچار ہوچکے ہیں۔
شہریوں نے موجودہ حکومت کی ریاست مدینہ کے خواب اور عوام کو ریلیف کے دعوؤں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے ہوئے بجلی و پانی کے وفاقی وزیر عمر ایوب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔