نیا وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ اپوزیشن میں سے چنے جائیں,اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ
رحیم یار خان : سنئیر مرکزی راہنما پاکستان مسلم لیگ ن سنیٹر چوہدری محمد جعفر اقبال سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے سکھر میں مرکزی راہنما پاکستان پیپلز پارٹی، سابق وفاقی وزیر و سابق اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان کی رہائی پر مبارکباد دی۔
اس موقع پر دونوں راہنماؤں نے موجودہ ملکی و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اس پر اتفاق کیا کہ موجودہ حکومت نے ملک کی اقتصادی صورت حال بدتر کر دی ہے،
مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے اور غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے افراد میں لاکھوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ملک کو ہر لحاظ سے تباہی کے دھانے کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ ان حالات میں عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف بھی عدم اعتماد ہونا چاہیے جیسے بلوچستان میں ہوا ہے۔
نیا وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ اپوزیشن میں سے چنے جائیں جو اسمبلیوں کو تحلیل کر کے نئے انتخابات کا اعلان کریں۔
عوام موجودہ ابتر صورتحال کے پیش نظر ایسا نیا مینڈیٹ دیں جو آزادانہ اور شفاف الیکشن کی صورت میں ہو۔ اس نتیجے میں جو بھی آئے وہ اپنی آئینی مدت پوری کرے اور عوام کو ان مشکل ترین حالات اور پاکستان کو مسائل سے نکالے