میونسپل کمیٹی کے ذرائع آمدن بڑھانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے،اعجاز عامر
رحیم یارخان: چیئرمین میونسپل کمیٹی میاں اعجازعامر نے کہا ہے کہ شہری مسائل کے حل کیلئے عوام میونسپل کمیٹی کے ساتھ تعاون کریں‘ یہ شہر ہم سب کا شہر ہے جس کیلئے ہمیں مل کر جدوجہد کرنی ہے‘
تمام کونسلرز اپنے اپنے وارڈز میں عملہ صفائی کے ساتھ خود جاکر صفائی اور سیوریج کے مسائل حل کروارہے ہیں اور جب تک شہر کو پہلے کی طرح صاف ستھرا اور خوبصورت نہیں بنا لیتے چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے سیٹلائٹ ٹاؤن میں کونسلر ظفر یٰسین کے ہمراہ اپنی زیرنگرانی صفائی کے کام کراوتے ہوئے اہل علاقہ سے گفتگو میں کیا۔
میاں اعجازعامر نے کہا کہ شہری عملہ صفائی کے ساتھ تعاون کریں اور کچرے کو سڑکوں گلیوں میں پھیلانے کی بجائے کسی شاپنگ بیگ میں ڈال کر گھروں اور دکانوں کے باہر رکھ دیں جسے بلدیہ کا عملہ صفائی صبح اور شام کے اوقات میں اٹھالے گا۔
میاں اعجازعامر نے مختلف وارڈز میں جاکر عملہ صفائی کے کام کا جائزہ لیا اور سینٹری انسپکٹرز کو ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ عملہ صفائی کی غیرحاضری کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگی‘
اپنی واردیاں پہن کر کام کریں تاکہ عوام کو پتہ ہوکہ بلدیہ کا عملہ صفائی کام کررہا ہے اور وہ مزید اپنے مسائل سے آگاہ کرسکیں۔میاں اعجازعامر نے میڈیا کو بتایا کہ اس وقت میگا سیوریج لائن سمیت گلی محلوں میں سیوریج لائنوں کی صفائی کا عمل جاری ہے‘اس کے ساتھ ساتھ سڑکوں گلیوں میں جھاڑو اور پانی چھڑکاؤکیا جارہا ہے۔
شہر میں ہم خوبصورت پارکس بنائے تھے جس کی دیکھ بھال نہ ہونے سے وہ اجڑ رہے تھے اب ایک بار پھر شہر کے تمام پارکوں اور گرین بیلٹس پر محنت کرکے انہیں کی خوبصورتی بحال کی جائے گی۔
علاوہ ازیں چیئرمین میونسپل کمیٹی میاں اعجازعامر نے وائس چیئرمین عبدالطیف بھٹی اور کونسلر وافسران کے ہمراہ ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا۔
انہوں نے ریلوے اسٹیشن کی صفائی ستھرائی کا جائز لیا اور ریلوے اسٹیشن پر صفائی ستھرائی کے ساتھ اسٹیشن کی خوبصورت کیلئے اپنے سٹاف کو احکامات جاری کئے۔ اس موقع پر ڈویژنل انجینئر ریلوے‘ آئی او ڈبلیو ریلوے اور اسٹیشن ماسٹر نے چیئرمین میاں اعجازعامر کو مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
قبل ازیں میونسپل آفیسر فنانس نے چیئرمین میاں اعجازعامر کو میونسپل کمیٹی کی مالی پوزیشن اور بجٹ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
میاں اعجازعامر نے کہا کہ انشاء اللہ پہلے کی طرح میونسپل کمیٹی کے ذرائع آمدن بڑھانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔