عامر چوہان قتل کیس کی مدعیہ پر قاتل کے ورثاء کاچوتھی بار حملہ‘ تشدد کا نشانہ بنا کر فرار
رحیم یارخان: عامر چوہان قتل کیس کی مدعیہ پر قاتل کے ورثاء کاچوتھی بار حملہ‘ تشدد کا نشانہ بنا کر فرار‘ پولیس تھانہ اقبال آباد کارروائی کرنے سے گریزاں۔
موضع پیربھورا سلطان کی رہائشی بیوہ صغریٰ بی بی نے اپنے اوپر حملہ بارے تھانہ اقبال آباد میں تحریری درخواست دیتے ہوئے بتایا کہ تین ماہ قبل ملزم فیاض ماجد نے میرے بیٹے محمدعامرکو لاپتہ کرکے بعدازاں بیدردی سے قتل کردیا تھا
جس پر میں نے قانونی چارہ جوئی کرتے ہوئے قاتلوں کو جیل کی سلاخوں تک پہنچایا مگر افسوس مقامی پولیس اور بااثر لوگوں کی ساز باز کے باعث میرے بیٹے کے قاتل کے ورثاء نے ہمارا جینا حرام کررکھا ہے۔
2ستمبر کی صبح دس بجے بستی قیصرچوہان میں ایک فوتگی پر اپنے بیٹے کے ہمراہ موٹرسائیکل پر جارہی تھی کہ جیل میں بند ملزم فیاض کے والد ایوب‘ ارشاد‘ اشفاق‘ لعل مائی‘ شہناز مائی‘ منہاج مائی اور چند نامعلوم ملزمان نے راستے میں ہمیں روک کر گالم گلوچ کرتے ہوئے ہاتھا پائی اور پتھراؤ کرتے ہوئے خوف وہراساں کیا۔
صغریٰ بی بی نے بتایا کہ متعدد بار پہلے بھی تھانہ میں تحریری درخواست گزار چکی ہیں مگر انصاف نہیں مل رہا۔ انہوں نے کہا کہ تین ماہ سے ملزم پارٹی نے میرا‘ میرے بچوں کا جینا محال کررکھا ہے‘
مجھے مقدمہ سے دستبردار نہ ہونے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ صغریٰ بی بی نے آئی جی پنجاب‘ آر پی او بہاولپور‘ ڈی پی او رحیم یارخان اسد سرفراز سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ میرے بیٹے کے مقدمہ کی ازسر نو تحقیقات کرائی جائے اور ہمیں ملزم پارٹی سے تحفظ دیا جائے۔