fbpx

تمام پولیس آفیسران اوپن ڈور پالیسی کے تحت عوام کے جائز مسائل حل کریں

بہاولپور: ایڈیشنل انسپکٹر جنرل جنوبی پنجاب پولیس کیپٹن ر ظفر اقبال (ستارہ امتیاز)نے کہا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کیلئے بڑے جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بلا تفریق کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا گیا ہے  اس سلسلے میں اشتہاریوں اور شدت پسندوں کے خلاف بھی گھیرا تنگ کیا جائے گا۔کیپٹن ر ظفر اقبال نے کہا کہ تمام پولیس آفیسران اوپن ڈور پالیسی کے تحت عوام کے جائز مسائل حل کریں اور جھوٹے مقدمات کے ذریعے بلیک میلنگ کرنے والے گروپس کا کڑا احتساب کریں

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بہاولپور میں ریجنل پولیس آفس میں کرائم کنٹرول میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر محمد زبیر دریشک اور ڈی پی آوز بہاولپور،رحیم یار خان اور بہاولنگر بھی موجود تھے۔

ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چارج سنھبالتے ہی  جنوبی پنجاب کے پولیس سٹرکچر کی بہتری کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کردیا ہے تمام پولیس فورس کو عوام سے خوش اخلاقی سے پیش آنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں تاکہ محکمہ کا مثبت امیج اجاگر ہوسکے۔۔

ایڈیشنل انسپکٹر پولیس جنرل جنوبی پنجاب نے مزید کہا کہ تمام اضلاع کے تھانوں میں فرنٹ ڈیسک کو بھرپور فعال کرکے مقدمات کے میرٹ پر اندراج کو یقینی بنایا جائے اور سنگین مقدمات کی تیز پیروی کیلئے لیگل سیل بھی مکمل فعال کئے جائیں۔اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر محمد۔زبیر دریشک نے امن و امان کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ بھی دی۔دریں اثناء ایڈیشنل انسپکٹر جنرل جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال نے بہاولپور کے  میڈیا نمائندگان سے ملاقات کی۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیپٹن ر ظفر اقبال کا کہنا تھا کہ  جنوبی پنجاب کے تھانوں کی عمارات اپ گریڈ کرکے نئی گاڑیاں بھی فیلڈ فورس کو فراہم کرینگے اس سلسلے میں حکومت پنجاب کی جانب سے 5 سو گاڑیاں خریدی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بطور فورس پولیس کا امیج بہتر کرنے کیلئے ضروری ہے کہ مظلوم کو انصاف کی شفاف فراہمی یقینی بنائی جائے اس حوالےسے پولیس افسران اور اہلکاروں کو واضح پیغام دے دیا گیا ہے۔پولیس کی کارکردگی میں اضافے کیلئے نفری اور وسائل کی کمی بھی پوری کی جارہی ہے۔تھانوں میں سروس ڈیلویری بہتر کرنے کیلئے
تمام پولیس افیسران مختلف تھانوں میں سرپرائز وزٹ کرینگے۔کسی بھی تھانے میں غیر قانونی حراست کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ذمہ داران کو سخت محکمانہ کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔کیپٹن ر ظفر اقبال نے مزید کہا کہ میڈیا پولیس نظام میں بہتری لانے کیلئے مثبت کردار ادا کرے اور خامیوں کی نشاندھی بھی کرے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر محمد زبیر دریشک نے کہا کہ کسی بھی دباؤ میں آکر  پولیس نہ قبضہ کرائے گی اور نہ چھڑائے گی صرف حقدار کی  میرٹ پر سپورٹ کرے گی ۔ آر پی او نے کہا کہ ریجن بھر میں جرائم پر کنٹرول کی صورت حال تسلی بخش ہے اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔زبیر دریشک نے واضح کیا کہ پولیس کو ہر جرم کا  مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ جرائم کے درست اعداد و شمار سامنے آسکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Translate »