چولستان میں ریلیف فراہمی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،ڈی سی

رحیم یار خان:ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) بیرسٹر بلال سلیم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) ریاست علی، اسسٹنٹ کمشنرز عظمان چوہدری، سرمد علی بھاگت، ثاقب الماس، محمد سلیم سمیت محکمہ انہار، لائیو سٹاک، زراعت اور دیگر متعلقہ محکموں کے حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں چولستان میں خشک سالی اور ضلع بھر کے تمام علاقوں کے کاشتکاروں کو کپاس کی کاشت کے لئے نہری پانی کی دستیابی کے معاملات کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر نے کہا کہ ضلع رحیم یار خان کی حدود میں واقع صحرائے چولستان کی جو یونین کونسلز قحط سالی سے متاثر ہوئی ہیں وہاں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

انھوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ چولستانیوں کو ریلیف فراہمی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

چولستان کے جس مقام پر بھی ضرورت ہو وہاں امدادی ٹیمیں، میڈیکل و لائیو سٹاک کے ڈاکٹرز کو بھیجیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ اس سلسلہ میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز کے پاس مکمل ڈیٹا موجود ہونا چاہیے تاکہ ریلیف کے کاموں میں آسانی ہو اور بروقت متاثرین کی مدد کی جا سکے۔

اجلاس میں رواں سیزن میں کپاس کی کاشت کے لئے نہری پانی کی دستیابی کے حوالے سے معاملات کا جائزہ لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے آبپاشی کے افسران کو ہدایت کی کہ پانی چوری کی روک تھام کے لئے بھرپور اقدامات کئے جائیں۔

پانی چوروں کے خلاف فی الفور ایف آئی آر درج کروائی جائیں اور انہیں بھاری جرمانے کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلع بھر کے تمام کسانوں کو نہری پانی کی منصفانہ فراہمی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

آبیاشی کے افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سالانہ چلنے والی نہروں میں پانی کی دستیابی گذشتہ روز سے تقریباً مکمل ہے جبکہ ششماہی نہروں میں پانی کی شدید قلت ہے کیونکہ ششماہی نہروں میں ہیڈ پنجند سے پانی کی فراہمی بند ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے آبپاشی کے حکام کو ہدایت کی کہ جن نہروں میں پانی موجو دہے وہاں ٹیل تک کے کسانوں کو پانی کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے جبکہ چولستان کو پانی فراہم کرنے والی نہریں بھی مسلسل چلتی رہنی چاہیے۔

بہاولپور:کمشنر بہاول پور آفس کے کمیٹی روم میں ایم پی اے کاظم پیرزادہ کی زیرصدارت چولستان میں گرمی کی شدت سے پیدا صورت حال اور امدادی کاررائیوں بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایم ڈی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی خالد احمد مہر، ایڈیشنل کمشنر رابطہ فیصل عطا خان، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد اقبال مکول، رمیض بلال چنڑ، علی عباس پیرزادہ، اسسٹنٹ کمشنر یزمان مجاہد عباس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شاہد عمران مارتھ، محکمہ صحت اور چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران موجود تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے کاظم پیرزادہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق چولستان میں گرمی کی شدت اور پانی کی کمی سے پیدا ہونے والی صورت حال کو کنٹرول کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹوبھوں کی بھل صفائی مکمل کی جائے اور پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ رپورٹ دی جائے۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ایم ڈی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی مہر خالد احمد نے بتایا کہ محکمہ جات نے بروقت امدادی کارروائیاں کی ہیں اور چولستان کے دورافتادہ علاقوں کے افراد کو آبادی کے نزدیک پانی کے قریب منتقل کیا جارہا ہے اور چولستان میں قائم کیے گئے میڈیکل و وٹرنری ریلیف کیمپوں میں ضروری ادویات و میڈیکل سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ واٹر باؤزر کی مدد سے چولستانیوں کو پانی کی مسلسل فراہمی کا عمل جاری ہے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے چولستان کے علاقے صہب ٹوبہ، گھرکن اور چنن پیر کا اچانک دورہ کیااور گرمی کی موجودہ شدید لہر اور خشک سالی کے باعث پیدا شدہ صورتحال سے انسانی جانوں اور مویشیوں کی حفاظت، علاج معالجہ کے لئے ادویات کی فراہمی، مویشیوں کی حفاظتی ویکسینیشن کے انتظامات اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے حوالہ سے جاری امدادی کاموں کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا، اسسٹنٹ کمشنر یزمان مجاہد عباس،ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد چنڑ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے چولستان کے علاقے گھرکن میں واٹر سپلائی لائن، چنن پیر کے مقام پر قائم میڈیکل اور وٹرنری کیمپس سمیت چولستان کے دور افتادہ علاقہ جات میں پانی کی فراہمی کے لئے موجود واٹر باؤزر ز کا بھی معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا نے اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چولستان میں موجود واٹر سپلائی لائنز کے ساتھ ساتھ 12 واٹر باؤزرز کے ذریعہ پینے کا صاف پانی فراہم کیا جارہاہے۔

انہوں نے بتایا کہ  چولستان میں 6 میڈیکل کیمپس فعال ہیں۔نیز بنیادی مراکز صحت اور رورل ہیلتھ مراکز سے بھی علاج معالجہ کی فراہمی کا عمل جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ میڈیکل کیمپس سمیت وٹرنری کیمپس بھی فنکشنل ہیں جہاں وٹرنری ڈاکٹرز اورسٹاف ادویات کے سٹاک سمیت موجود ہے اور جانوروں کی بہتر دیکھ بھال اور علاج معالجہ کے ساتھ ساتھ جانوروں کی حفاظتی ویکسینیشن بھی کی جارہی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ چولستان کے علاقے میں محکمہ لائیوسٹاک کی 12 موبائل یونٹس بھی فعال ہیں۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے واٹر سپلائی لائن کے ذریعہ چولستانیوں کے جانوروں کے لئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا معائنہ کیا اور موقع پر موجود چولستانیوں سے گفتگو کی اور ان سے دستیاب سہولیات بارے استفسار کیا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ میڈیکل آفیسرز اور پیرا میڈیکل سٹاف چولستان میں قائم کیمپس میں موجود رہیں اور لوگوں کو علاج معالجہ کی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ویٹرنری کیمپ میں جانوروں کی دیکھ بھال، علاج معالجہ اور حفاظتی ویکسینیشن کے کام بھی بہتر انداز میں انجام دیئے جائیں۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیااور دیگر متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ چولستان کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے افراد اور ان کے جانوروں کو واٹر باؤزرز کے ذریعہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا عمل بہتر روٹ پلان کے تحت باقاعدگی سے جاری رکھا جائے۔

Show More

اک نظر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button