اقلیتی برادری کا کمیونٹی سنٹر 3کروڑ کی لاگت سے مقررہ وقت میں مکمل کر لیا جائے گا

رحیم یار خان:اقلیتی برادری کا کمیونٹی سنٹر 3کروڑ کی لاگت سے مقررہ وقت میں مکمل کر لیا جائے گا ,ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ ضلع میں سوشل و ڈویلپمنٹ سیکٹرز کی ترقی پر یکساں توجہ مرکوز ہے، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیساتھ عوام کو ضروریات زندگی کی بنیادی سہولیات میسرآئیں گی۔

یہ بات انہوں نے تحصیل رحیم یار خان اور صادق آباد میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طالب حسین رندھاوا، اسسٹنٹ کمشنر صادق آباد کلیم یوسف، ایکسین بلڈنگ نعمان سلیمان و دیگر موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے25کروڑ روپے کی لاگت سے زیر تعمیر گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین رحیم یار خان کے نئے اکیڈمک بلاکس،70کروڑ روپے کی لاگت سے احمد پور لمحہ میں صادق آباد واٹر سپلائی سکیم، فاطمہ فرٹیلائزر ویلفیئر ٹرسٹ ہسپتال، 3کروڑ کی لاگت سے ہندو برادری کے زیر تعمیر کمیونٹی سنٹر صادق آباد، رمضان بازار سمیت دیگر مقامات کا دورہ کرتے ہوئے جاری ترقیاتی کاموں کی پیشرفت اور معیار کا جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر نے محکمہ بلڈنگ کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین کے کاموں کو رواں برس جون سے قبل مکمل کرانے کے لئے کنٹریکٹرز کو متحرک کریں جبکہ حکومت سے جاری منصوبہ کی تکمیل کے لئے فنڈز جلد حاصل کر لئے جائیں گے۔


انہوں نے ہندو برادی کے صادق آباد میں زیر تعمیر کمیونٹی سنٹر کا دورہ کرتے ہوئے بھی ایکسین بلڈنگ کو ہدایت کی کہ وہ کمیونٹی سنٹرز اور ہائی ویز اطراف کی سڑکوں کے کام جلد مکمل کریں۔

ضلع کے تمام سیکٹرز میں جاری ترقیاتی کاموں کے معیار اور رفتار میں کوئی کمی نہیں آنی چاہیے۔

اسسٹنٹ کمشنر کلیم یوسف کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تحصیل میں جاری ترقیاتی کاموں کی تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ اور بروقت تکمیل میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں اور سنجر پور سیوریج سکیم سمیت صادق آباد واٹر سپلائی سکیم کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو فوری ختم کریں۔

ڈپٹی کمشنر نے حکومت پنجاب اور فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی کے مشترکہ اشتراک سے چلنے والے فاطمہ فرٹیلائزر ویلفیئر ٹرسٹ ہسپتال کا بھی تفصیلی دورہ کیا اور ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے انتظامی و سروسز فراہمی کے امور کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ فاطمہ فرٹیلائزر ویلفیئر ٹرسٹ ہسپتال کو ہیپاٹائٹس کے علاوہ دیگر طبی سہولیات سروسز فراہم کرنے کے لئے بھی ایک جامع حکمت عملی مرتب کی جائے گی تاکہ مستقبل میں یہ مقامی شہریوں کو دیگر طبی سہولیات بھی فراہم کر سکے۔

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرکلیم یوسف کو تحصیل صادق آباد کے داخلی و خارجی راستوں کو خوبصورت بنانے کے لئے مقامی صنعتکاروں کے ساتھ مل کر اقدامات کرنے سمیت 4کروڑ50لاکھ روپے کی لاگت سے سنجر پور میں سیوریج منصوبہ کی تکمیل کے لئے تمام ابتدائی اقدامات فوری اٹھانے کی ہدایت کی۔

اپنے دورہ کے دوران انہوں نے رمضان بازار کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ایکسین بلڈنگ نعمان سلیمان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین کے نئے بلاکس پر25کروڑ سے زائد لاگت آرہی ہے 90فیصد کام مکمل ہے جبکہ جلد ہی تمام کام مکمل کرالیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اقلیتی برادری کا کمیونٹی سنٹر 3کروڑ کی لاگت سے مقررہ وقت میں مکمل کر لیا جائے گا۔محکمہ پبلک ہیلتھ اینڈ انجیئرنگ کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صادق آباد واٹر سپلائی سکیم پر70کروڑ روپے لاگت آئی ہے جبکہ یہ منصوبہ صادق آباد کی70فیصد آبادی کو پینے کا صاف پانی فراہم کر رہا ہے جبکہ دیگر 30فیصد بھی جلد نیٹ ورک میں شامل ہو گی۔

اک نظر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button