مزدوروں کا ڈیٹا،سوشل سیکورٹی کارڈز اور ای او بی آئی میں رجسٹریشن مکمل کرنے کی ہدایت

رحیم یار خان:ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ مزدور طبقہ ہمارا دست بازو ہے جو شب و روز سخت موسمی حالات اور محدود وسائل کے ساتھ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

مزدوروں کی فلاح و بہبود، معاشی تحفظ اور بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح اور ہمارا اولین فریضہ ہے جس سے چشم پوشی نہیں کی جا سکتی۔

District Vigilance Committee
District Vigilance Committee

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ویجی لنس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں محکمہ لیبر، ماحولیات، سوشل سیکورٹی، ای او بی آئی، پولیس، ڈسٹرکٹ اٹارنی سمیت مزدور یونین کے رہنما اور بھٹہ خشت یونین کے عہدیداران موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ محکمہ لیبر، ای او بی آئی اور سوشل سیکورٹی محکمہ ماحولیات کے ساتھ مل کر مشترکہ لائحہ عمل مرتب کریں اور تمام محکموں کے ممبران کی ایک ٹیم بنا کر بھٹہ خشت سمیت تمام صنعتی اداروں و عام مارکیٹ میں کام کرنے والے مزدوروں کا ڈیٹا اکھٹا کرتے ہوئے ان کے سوشل سیکورٹی کارڈز اور ای او بی آئی میں رجسٹریشن کا عمل مکمل کرائیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ حکومتی اداروں کے ساتھ تعاون نہ کرنے والے بھٹہ خشت اور صنعتی یونٹس کو بند کر دیا جائے ،مزدوروں اور ان کے خاندانوں کی فلاح وبہبود اور معاشی تحفظ پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ اس کمیٹی میں محکمہ صحت، تعلیم اور بہبود آبادی کے افسران کو بھی شامل کیا جائے جبکہ جلد محکمہ صحت کی موبائل ٹیمیں تمام بھٹہ خشت اور صنعتی یونٹس پر کام کرنے والے مزدوروں اور ان کے خاندان کے افراد کو طبی سہولیات فراہمی کے لئے میڈیکل کیمپس لگائیں گی جس میں محکمہ بہبود آبادی بھی معاونت کرے گا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام بھٹہ خشت کی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی اور استعمال کو یقینی بنایا جائے اور آئندہ اجلاس میں تمام محکمے بہتر کارکردگی رپورٹ کے ساتھ آئیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ویجی لنس کمیٹی کا اجلاس باقاعدگی سے ہوگا اور مزدوروں کو سہولیات فراہمی کے لئے تیز رفتاری سے اقدامات کئے جائیں گے۔
محکمہ صحت رحیم یار خان سروسز ڈلیوری میں صوبہ بھر کی رینکنگ میں35سے 15نمبربہتری پر آگیا۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد کی ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی اور پی ایچ ایف ایم سی کے افسران اور ٹیم کو مبارک باد۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہمی کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور ہمارا فرض ہے کہ حکومتی اقدامات سے براہ راست عوام کو فائدہ پہنچایا جائے۔

انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی وزیر اعلیٰ پنجاب روڈ میپ انڈیکیٹرز کے معیار پر پورا اترنے اور ضلع کی رینکنگ بہتر ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ آغاز ہے ابھی ہمیں مزید بہتری کی جانب بڑھنا ہے اور اپنے ضلع کو طبی سہولیات کی فراہمی میں صوبہ کے پہلے پانچ اضلاع کی فہرست میں لیکر جانا ہے۔

اس موقع پر سی او او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر حسن خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ صحت تمام دستیاب وسائل کے ساتھ عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہمی کے لئے کوشاں ہے اور ڈپٹی کمشنر کی گائیڈ لائن پر عمل کرتے ہوئے انشاءاللہ ہم اپنے ضلع کو طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالہ سے صوبہ بھر میں پہلی پانچ پوزیشن پر لانے میں جلد کامیاب ہو جائیں گے۔

دریں اثناءڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے ضلع میں کورونا ویکسی نیشن کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ ضلع بھر میں ویکسی نیشن کا عمل تیز کیا جائے اور محکمہ صحت ڈسٹرکٹ اکاﺅنٹ آفس کو ایسے تمام محکموں کے ملازمین کی فہرستیں فراہم کرے

جنہوں نے ابھی تک کورونا ویکسی نیشن نہیں لگائی ہے تاکہ غفلت برتنے والے افسران و ملازمین کی تنخواہیں بند کی جا سکیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ ضلع میں موجود تما م چھوٹے بڑے صنعتی یونٹس پر بھی موبائل ٹیمیں بھیج کو ویکسی نیشن کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لئے ”خدمت آپ کی دہلیز پر“ پروگرام کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر دیا گیا ہے

اس مرحلہ میں ضلع بھر کے شہری و دیہی علاقوں میں نکاسی و فراہمی آب، صفائی ستھرائی، سکولز کی صفائی او روائٹ واش،جوڈیشل اور تھانوں کے لاک اپ کی صفائی، واٹر فلٹریشن پلانٹس کے فلٹرز کی تبدیلی اور واٹر سپلائی ٹینک کی صفائی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر ز اپنی تحصیلوں میں اس ہفتہ کے دوران حکومت پنجاب کی جانب سے فراہم کردہ اہداف پر سو فیصد عملدرآمد اپنی نگرانی میں یقینی بنائیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں کے ایس ڈی پی اوز کے ہمراہ جوڈیشنل او رتھانوں کے لاک اپ کی صفائی کے حوالہ سے اقدامات کریں جبکہ تمام متعلقہ محکمے ایجوکیشن، بلدیاتی ادارے اپنی سرگرمیوں کی تصاویر اور ویڈیوز متعلقہ ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ اور واٹس ایپ گروپ میں شیئر کریں۔

اک نظر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button