کورونا ویکسی نیشن کے بغیر کوئی سرکاری ملازم فرائض سر انجام نہیں دے گا
رحیم یار خان :ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں1لاکھ43ہزار سے زائد شہری کورونا ویکسین لگوا چکے ہیں اور ہمارا ہدف ہے کہ حکومتی ہدایات کے مطابق زیادہ سے زیادہ شہریوں کو ویکسین لگائی جائے
جس کے لئے ضلع میں کورونا ویکسی نیشن سنٹرز کی تعداد میں اضافہ اور موبائل ویکسی نیشن سنٹرکا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع میں کورونا کی مجموعی صورتحال اور ویکسی نیشن کے عمل کی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر سدرہ سلیم، سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر حسن خان، ایم ایس شیخ زید ہسپتال ڈاکٹر آغا توحید سمیت دیگر موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی ویکسی نیشن کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز تاجر تنظیموں کے عہدیداران سے بھی میٹنگز کرکے انہیں کورونا ویکسین لگوانے کے حوالہ سے سہولیات فراہم کریں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی ہدایت ہے کہ کورونا ویکسی نیشن کے بغیر کوئی سرکاری ملازم فرائض سر انجام نہیں دے گا
جبکہ نجی سیکٹرز بھی جلد از جلد اپنے ملازمین کی ویکسی نیشن کا عمل مکمل کرائے کسی بھی تعاون کی صورت میں ضلعی انتظامیہ تاجر تنظیموں کوہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔
انہوں نے اجلاس میں ایم ایس شیخ زید ہسپتال کو ہدایت کی کہ ریلوے سکھر ڈویژن ٹرین حادثہ کے زخمیوں کا بہترین علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جائیں اور زخمی مریضوں کے ورثاءسے مکمل تعاون کو یقینی بنایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ ضلعی اوورسیز پاکستانیز کمیٹی تارکین وطن کے مسائل حل کرنے کے لئے کوشاں ہے،
سرکاری محکموں کے سربراہان شکایات کے جلد از جلد ازالے کو یقینی بنائیں اور اس سلسلہ میں غفلت ہر گز نہ برتی جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی اوورسیز پاکستانیز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر سدرہ سلیم ، اسسٹنٹ کمشنر عظمان چوہدری، فوکل پرسن جام محمد نعیم سمیت دیگر شریک تھے جبکہ دیگر تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مختلف سرکاری محکموں کے متعلق شکایات کی سماعت کی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائیگا ۔انہوں نے ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنر ز اور ریونیو افسران اوورسیز سے متعلقہ کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹائیں۔