سی پیک پراجیکٹ کے تحت پاکستان اور چین کے درمیان زرعی شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں
رحیم یار خان:چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ سی پیک پراجیکٹ کے تحت پاکستان اور چین کے درمیان پاکستان میں زرعی شعبے میں بھی انقلابی تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں جس سے توقع ہے کہ آئندہ چند سالوں کے دوران پاکستان دنیا بھر میں کپاس پیدا کرنے والاایک بڑا ملک بننے کے ساتھ ساتھ دیگر زرعی شعبوں اور لائیو سٹاک میں بھی ابھرکر سامنے آئے گا۔
رحیم یار خان چیمبر آف کامرس کے ایگزیکٹو ممبرز چوہدری محمد عارف،ڈاکٹر عمر جمیل اور سیٹھ وقاص ماجد و دیگر پر مشتمل ایک وفد سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان زراعت،ڈیری و لائیو سٹاک کے شعبوں میں کارپوریٹ فارمنگ کے فروغ کے لئے سی پیک اتھارٹی میں ایک سپیشل ڈیسک قائم کیا گیا ہے
تاکہ ان شعبوں میں کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ نتائج حاصل کئے جا سکیں۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر پاکستانی فارمرز اور چینی کمپنیوں کے درمیان دس ہزار ایکڑ زرعی زمین یا ایک ہزار گائے رکھنے والے فارمرز کے درمیان ایم او یو زسائن کئے جائیں گے
جس کے تحت چین ان فارمز پر جدید مشینری، بہترین پیداوار کے حامل بیجوں اور جدید نسل کشی کے ذریعے زیادہ دودھ دینے والے جانور تیار کرنے کے ساتھ ساتھ فی ایکڑ پیداوار میں غیر معمولی اجافے کے لئے خاطر خواہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اس پراجیکٹ کے تحت پاکستان میں کپاس کی پیدوار بڑھانے کے لئے بہت سے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جس سے توقع ہے کہ آئندہ چند سال کے دوران پاکستان کو کپاس درآمد کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
اس موقع پر انہوں نے مزید بتایا کہ گوادر سے سکھر تک تعمیر ہونے والی 810 کلو میٹر طویل موٹر وے جلد مکمل ہو جائے گی جس سے سندھ بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے درمیان تجارت کے کئی نئے مواقع پیدا ہونگے
انہوں نے بتایاکہ اس شاہراہ کے ساتھ چینی کمپنیوں کو کارپوریٹ فارمنگ کے لئے کئی ہزار ایکڑ زمین الاٹ کی گئی ہے جس سے بلوچستان اور سندھ میں آئندہ ایک دو سالوں کے دوران کپاس کی پیداوار میں غیر معمولی اضافہ ہو گا۔
اس موقع پر چوہدری محمد عارف،ڈاکٹر عمر جمیل،سیٹھ وقاص ماجدو دیگر نے چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ کو یقین دلایا کہ ضلع بھر کی بزنس و فارمرز کمیونٹی سی پیک کے منصوبوں کے تحت نئے پراجیکٹس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے گی تاکہ اس ملک میں حقیقی سبز انقلاب لایا اجا سکے۔
انہوں نے چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ کو سی پیک کے زرعی و لائیو سٹاک پراجیکٹس کی ترویج کے لئے ر حیم یار خان چیمبر آف کامرس میں ایک بڑا آ ٓگاہی سیمینار منعقد کرنے کی بھی تجویز دی
جو انہوں نے قبول کر لی اور فیصلہ کیا گیا کہ اگست کے پہلے ہفتے میں اس سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا جس میں پورے جنوبی پنجاب سے کاشت کار اور بزنس کمیونٹی کے نمائندے شریک ہونگے۔