مجھے خوشی ہے کہ خواجہ فرید یونیورسٹی صحیح سمت پہ گامزن ہے، چودھری محمد سرور
گورنر پنجاب کی خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیمان طاہر کی تعریف
رحیم یار خان : گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی رحیم یار خان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ یونیورسٹی صحیح سمت پہ گامزن ہے۔
وائس چانسلر خواجہ فرید یونیورسٹی نے گزشتہ روز گورنر پنجاب اور چانسلر یونیورسٹی چودھری محمد سرور سے ملاقات کی ، جس میں یونیورسٹی میں جاری ترقیاتی کاموں، تحقیق ، مستحکم فنانشل پالیسی ، صنعتی رابطہ کاری، اور دیگر اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ دی جس پر گورنر پنجاب نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ خسارے میں چلنے والی یونیورسٹی مالی معاملات میں خود کفیل ہوچکی ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ اُنہیں یہ جان کر بے حد خوشی ہورہی ہے کہ وائس چانسلر اپنی کل تعداد کے پینتالیس فیصد طلبہ و طالبات کو سکالرشپ فراہم کررہے ہیں۔
چانسلر یونیورسٹی و گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے مزید کہا کہ کیمپس کو ڈرگ فری کیمپس بنانا ایک خوش آئند عمل ہے،
جبکہ گندے پانی کو فلٹریشن کے ذریعے زراعت کے لئے قابل ِ عمل بنانا ایک قابلِ تحسین اقدام ہے، انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویثرن کے مطابق حکومت پنجاب دور دراز دیہی علاقوں میں پینے کا صاف پانی مہیا کرنے میں کوشاں ہے،
اسی طرح خواجہ فرید یونیورسٹی کا سکالرشپ کی صورت میں رفاع عامہ کی فلاح و بہبود اور پینے کے صاف پانی جیسے بنیادی انسانی حق کی فراہمی کے لئے حکومت کی مدد کرنا تعریفی عمل ہے،
انہوں نے کہا کہ در اصل خواجہ فرید یونیورسٹی کا برینڈ”آبِ فرید” دیگر یونیورسٹیوں کے لئے تقلیدی عمل ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر نے گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا نئے پروجیکٹس کے اجرا ، میرٹ کی پالیسی پر عملدر آمد اور یونیورسٹی کی وسعت کے لئے انہیں چانسلر کی سرپرستی درکار ہے
جس پر گورنر پنجاب نے انہیں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔