دریائے سندھ کے بیٹ میں موجود54مواضعات کے مکمل جبکہ 41جزوی طور پر متاثر
رحیم یار خان:ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے کہا ہے کہ دریائے سندھ میں طغیانی کے باوجود حالات پر انتظامیہ کی مکمل گرفت ہے،
آئندہ 24گھنٹوں میں دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ6لاکھ70ہزار کیوسک تک پہنچ سکتا ہے جس کے باعث ضلع میں دریائے سندھ کے بیٹ میں موجود54مواضعات کے مکمل جبکہ 41جزوی طور پر متاثر ہونے کا خدشہ ہے
لہذا محکمہ ریونیو، پولیس اور ریسکیو1122متاثرہ مواضعات سے آبادی کے انخلاء کو یقینی بنائیں۔
یہ ہدایات انہوں نے ضلع میں موسلادھار بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ اور دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال کو کنٹرول میں رکھنے کے لئے متعلقہ محکمہ جات کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔
اجلاس میں ایس ای انہار، اسسٹنٹ کمشنر سرمد علی بھاگت، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو1122ڈاکٹر عادل رحمن سمیت بلدیاتی اداروں کے چیف افسران، میپکو، لائیو سٹاک، سول ڈیفنس،زراعت، ہیلتھ و دیگر محکموں کے حکام موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ جمعہ کے شام پانچ بجے تک اپنی تحصیلوں کے حساس مواضعات میں ریلیف کیمپس فنکشنل کردیں
جہاں پر خوراک، ادویات، مویشیوں کا چارہ سمیت دیگر بنیادی اشیاء وافر مقدار میں دستیاب ہونی چاہیے اور ہر ریلیف کیمپ کا ایک فوکل پرسن نامزد کرتے ہوئے اس کا نمبر متعلقہ مواضعات کے نمبرداران، ریونیو، ریسکیو اور پولیس کو فراہم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ مال، ریسکیو1122اور پولیس کے جوان متاثرہ علاقوں میں عوامی مدد کے لئے موجود ہونے چاہیے اور ممکنہ طور پر متاثرہونے والے مواضعات کے مکینوں کو بتایا جائے کہ ایک بڑا سیلابی ریلا دریائے سندھ سے گزرنا ہے
لہذا احتیاطی طور پر وہ اپنے خاندان اور قیمتی مال مویشیوں کے ہمراہ محفوظ مقام پر منتقل ہو جائیں اگر کسی کے پاس رہائش نہ ہے تو وہ تحصیل انتظامیہ کی جانب سے قائم ریلیف کیمپس میں عارضی رہائش اختیار کر سکتے ہیں۔
دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ اتوار تک برقرار رہے گا بعد ازاں پانی کے بہاؤ میں کمی آنا شروع ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ انسانوں کی جانیں ہمارے لئے سب سے زیادہ اہم ہیں لہذا تمام ادارے بغیر کسی تاخیر کے دریائی بیٹ کے مکینوں کو محفوظ مقام پر منتقل کریں۔
انہوں نے محکمہ ہیلتھ کو ہدایت کی کہ تمام ریلیف کیمپس پر ڈاکٹرز وسٹاف کی ڈیوٹیاں لگائی جائیں اور ویکسین کی وافر مقداد ریلیف کیمپس پر موجود ہونی چاہیے جبکہ لائیو سٹاک دریائے بیٹ اور باہر منتقل ہونے والے مویشیوں کی مکمل نگہداشت کرے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی اسسٹنٹ کمشنر کو خوراک کی ضرورت ہے تو وہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) سے رابطہ کریں جبکہ متاثرہ علاقوں میں اگر کسی این جی اوز یا مخیر ادارہ نے امدادی سرگرمیوں کا آغاز کرنا ہے تو وہ متعلقہ تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنر سے اجازت لیکر امدادی کاموں کا آغاز کرے۔
انہوں نے ایس ای انہار کوہدایت کی کہ وہ کسی بھی ممکنہ ایمرجنسی سے نمٹنے کے لئے ہیوی مشینری کو تیار رکھیں گے تاکہ بوقت ضرورت بلا تاخیر استعمال میں لائی جا سکے۔
انہوں نے میپکو حکام کو ہدایت کی کہ وہ شہروں میں بارش کے باعث الیکٹرک تنصیبات کو درست حالت میں رکھیں اور کرنٹ جیسے واقعات کی روک تھام کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کریں۔
بلدیاتی ادارے اربن فلڈنگ سے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کے فوری انخلاء کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ بلا شبہ حالات انتظامی کنٹرول میں ہیں تاہم کسی جگہ بھی محکمانہ لاپرواہی نظر نہیں آنی چاہیے اور تمام ادارے 48گھنٹوں تک مکمل الرٹ رہیں گے۔
اجلاس میں محکمہ انہار، ریسکیو1122، بلدیاتی اداروں، میپکو سمیت دیگر حکام نے محکمانہ انتظامات بارے بریفنگ دی۔