تازہ ترین خبروں کے لئے موبائل ایپ ڈاون لوڈکریں

ڈوان لوڈ

رحیم یارخان : سیلاب کا ریلا یکم ستمبر کو جنوبی پنجاب میں داخل ہوگا

رحیم یارخان: دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب کا ریلا یکم ستمبر کو جنوبی پنجاب میں داخل ہوگا۔انتظامیہ نشیبی علاقوں سے عوام کا انخلا یقینی بنانے کے لئے سرگرم ہے اور پرائیویٹ کشتیوں کی خدمات بھی حاصل کر لی گئی ہیں۔

ایری گیشن زون بہاول پور نے دریائے ستلج میں پانی کی صورتحال جانچنے کے لئے24 فلڈ واچنگ کیمپس قائم کر دئے ہیں۔

بہاولپور ڈویژن میں فلڈ فائٹنگ انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری فواد ہاشم ربانی کی زیر صدارت جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں کمشنر بہاولپور مسرت جبیں، سپیشل سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو آفتاب پیرزادہ شریک ہوئے جبکہ ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق اور ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان خرم پرویز فلڈ ایریا سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

ڈپٹی کمشنر بہاولنگر ذوالفقار احمد بھون نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری عبدالصبور ٹھاکر اور پی ایس او غلام سرور بھی اجلاس میں موجود تھے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کو محفوظ بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور ضرورت پڑنے پر سیلاب سے غیر متاثرہ اضلاع سے مشینری اور افرادی قوت طلب کی جائیگی۔

انہوں نے زور دیا کہ نشیبی علاقوں سے آبادی کے نخلا پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور سیلاب متاثرہ افراد کے کھانے اور مویشیوں کو چارہ فراہم کرنے کے مربوط انتظامات کئے جائیں۔

فواد ہاشم ربانی نے کہا کہ افسران متواتر فیلڈ وزٹ جاری رکھیں۔ کمشنر بہاولپور مسرت جبیں نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دئے گئے ہیں اور ہیڈ پنجند اور ہیڈ اسلام کے مقام پر بھاری مشینری پہنچا دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دریائے ستلج میں جنوبی پنجاب کی حدود سے ڈیڑھ لاکھ کیوسک اور ہیڈ پنجند سے ساڑھے چار لاکھ سے ساڑھے چھ لاکھ کیوسک پانی گزرنے کا امکان ہے۔

ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق نے بتایا کہ سیلاب سے 98 مواضعات متاثر ہو ئے ہیں۔ایک لاکھ سے زائد مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

مقامی آبادی کے انخلائ کے لئے20 کشتیاں استعمال کی جارہی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان نے بریفنگ میں بتایا کہ ضلع کی حدود میں 8 لاکھ کیوسک پانی آنے کی صورت میں حالات کنٹرول میں رہیں گے

البتہ سیلابی پانی 10 لاکھ کیوسک سے تجاوز کرنے پر پاک فوج کی مدد کی ضرورت پڑے گی۔

ڈپٹی کمشنر بہاولنگر ذوالفقار احمد بھون نے بریفنگ میں بتایا کہ فلڈ میڈیکل کیمپس میں تمام ادویات موجود ہیں اور سیلاب متاثرین کے مویشیوں کو ونڈہ اور بھوسہ فراہم کیا جارہا ہے۔

بہ تسلیمات ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقات عامہ حکومت پنجاب
ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفس رحیم یار خان
مورخہ 29 اگست 2025

رحیم یار خان: دریائے سندھ میں 3 لاکھ 86 ہزار کیوسک سے زائد کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے ۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ

دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال بارے میڈیا کو آگاہ رکھا جا رہا ہے۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ

سیلاب آپ ڈیٹ کے حوالہ سے صرف مصدقہ اطلاعات پر انحصار کیا جائے۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ

ڈپٹی کمشنر یا کسی انتظامی افسر سے منسوب غیر مصدقہ اطلاعات پھیلانے سے گریز کیا جائے۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ

ڈپٹی کمشنر کی جانب سے کسی فورم پر 10 لاکھ کیوسک سے سیلابی پانی تجاوز کرنے پر پاک فوج کی خدمات حاصل کرنے کا بیان نہیں دیا گیا۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ

مصدقہ اطلاعات کے لئے ریسکیو 1122 ، ضلعی کنٹرول روم یا ترجمان ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کریں

اک نظر

Back to top button