ہندو برادری میں ہولی گرانٹ کے چیک تقسیم کئے گئے

رحیم یار خان:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے ہندو برادری میں ہولی گرانٹ کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب میونسپل کمیٹی کے جناح ہال میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر مذہبی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے ڈپٹی کمشنر خرم پرویز کے ہمراہ مستحق ہندو برادری کے گھرانوں میں فی کس 10 ہزار مالیت کے چیک تقسیم کئے ۔
اس موقع پر سابق ایم پی اے کانجی رام ، بھیا رام انجم ، بابو لیلا رام ، ایڈمنسٹریٹیو آفیسر ریاست علی سمیت دیگر موجود تھے ۔
صوبائی وزیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہندو برادری کے مذہبی تہوار ہولی کے موقع پر مستحق گھرانوں کو خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لئے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا ہے جس کے تحت صوبہ بھر میں ہندو برادری کو امدادی چیک تقسیم کئے جا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے ضلع کے 420 خاندانوں میں فی کس 10 ہزار روپے مالیت کے چیک تقسیم کئے جا رہے ہیں۔

حکومت پنجاب ہندو برادری کی ہولی کی خوشیوں میں برابر شریک ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج ہندو برادری کے خوشی کے تہوار پر وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے مبارکباد کا پیغام لایا ہوں ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبہ بھر میں بسنے والی اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور مسائل کے ازالہ کے لیے نئے دور کا آغاز کیا ہے ۔

پاکستان تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا ایک خوبصورت گلدستہ ہے۔

ڈپٹی کمشنر خرم پرویز نے کہا کہ پاکستان کا آئین تمام اقلیتوں کو مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے ، مذہبی ہم آہنگی ، محبت ، رواداری اور آپسی بھائی چارے کا فروغ ہمارا مقصد ہے ۔

انہوں نے رنگوں اور محبتوں کے خوشیوں بھرے اس تہوار پر ہندو برادری کو مبارکباد پیش کی۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے ہندو برادری کے گھرانوں میں حکومت پنجاب کی جانب سے فراہم کردہ امدادی چیک تقسیم کئے ۔

اک نظر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button