اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے 4083طلباء وطالبات کو 370ملین روپے کے وظائف دیئے جائیں گے۔
بہاول پور:وزیر اعظم پاکستان احساس سکالرشپ پروگرام کے فیز 2میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے 4083طلباء وطالبات کو 370ملین روپے کے وظائف دیئے جائیں گے۔اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور احساس سکالرشپ پروگرام حاصل کرنے والی ملک کی ٹاپ یونیورسٹی بن گئی ہے۔
احساس سکالرشپ پروگرام فیز 2میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے طلباء وطالبات کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ مجموعی طور پر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے 14000طلباء وطالبات احساس سکالر شپ سمیت مختلف وظائف سے مستفید ہو رہے ہیں اور یہ کل تعداد کا 30.43فیصد بنتا ہے جو ایک ریکارڈ ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے احساس سکالرشپ سکیم میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے ہزاروں طلباء وطالبات کی شمولیت پر وزیر اعظم پاکستان جناب عمران خان اوروزیر اعظم کی خصوصی معاون برائے تخفیف غربت اور سماجی تحفظ محترمہ ثانیہ نشتر کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔ وائس چانسلر نے احساس سکالرشپ حاصل کرنے والے طلباء وطالبات اور ان کے والدین کو بھی مبارکباد دی اور اس سلسلے میں ڈائریکٹوریٹ آف فنانشل اسسٹنٹس ڈاکٹر غلام حسن عباسی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ہے۔