آل پارٹیز عوامی جرگے کا دوسرا بڑا اجلاس یکم نومبر کو غلہ منڈی صادق آباد میں طلب کر لیا گیا
آل پارٹیز عوامی جرگے کا دوسرا بڑا اجلاس یکم نومبر کو غلہ منڈی صادق آباد میں طلب کر لیا گیا ، جمال الدین والی میں پہلے اجلاس کے دوران شرکا پولیس پر برس پڑے ، صادق آباد کے عوام اپنا تحفظ کرنا خوب جانتے ہیں ، امن وامان قائم کرنے لئے اب سخت فیصلے بھی کریں گے ، جذباتی تقریریں
صادق آباد ، رحیم یارخان ( این پی نیوز ) چھوٹو گینگ سے اندھڑ گینگ تک 3 صوبوں کے سنگم پر پچھلے 2 عشروں سے مسلط ڈاکو راج کے سہولت کاروں کے چہروں سے نقاب اُلٹنے کا وقت آگیا ، پنجاب کی آخری تحصیل صادق آباد کے گرینڈ عوامی جرگے نے نئے ڈی پی او اور اسپیکر پنجاب اسمبلی کو سانحہ ماہی چوک ، بھتہ گردی ، اغوا برائے تاوان اور کچہ کے نوگوایریاز کے بارے میں ناقابل اشاعت زمینی حقائق سے آگاہ کرنے کیلئے 6 رکنی رہبرکمیٹی تشکیل دیدی ،
سابق و موجودہ ارکان اسمبلی ، بلدیاتی سربراہوں اور ٹکٹ ہولڈرز کی نمائندہ یہ رہبر کمیٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی ، ڈی پی او رحیم یارخان کیپٹن (ر) محمد علی ضیا سمیت اعلی حکام سے ملاقاتیں کر کے ان کے ساتھ 3 صوبوں کے سنگم کی اہم ترین تحصیل صادق آباد سے ملحق دریائے سندھ کے کچہ ایریا کی صورتحال کے بارے میں حساس انفرمیشن شیئر کریگی اور اس حوالے سے تفصیلی اِن کیمرہ کیمرہ بریفنگ بھی دے گی ،
کمیٹی میں پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی مخدوم سید مرتضیٰ محمود ، ارکان پنجاب اسمبلی سردار ممتاز علی خان چانگ ، مخدوم سید عثمان محمود ، پاکستان مسلم لیگ ن کے چیئرمین ضلع کونسل سردار اظہر خان لغاری ، رکن اسمبلی چوہدری محمد شفیق انور کے صاحبزادے چوہدری چوہدری اظہر شفیق اور پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر چوہدری سجاد احمد وڑائچ شامل ہیں ،
پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود کی میزبانی میں یہ آل پارٹیز گرینڈ عوامی جرگہ گذشتہ روز 15 اکتوبر 2021 بروز جمعتہ المبارک منعقد کیا گیا جس میں ڈاکو راج کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے راست اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ،
جس کے تحت ماہی چوک ، نواز آباد ، بھونگ اور رحیم آباد سمیت کچہ ایریا سے ملحق ایریاز اور حساس سرحدی قصبوں کے تحفظ کیلئے پرائیویٹ گارڈز کا نیٹ ورک قائم کرنے اور دورمار جدید آٹومیٹک ہتھیاروں و گاڑیوں سے لیس ‘‘مسلح ٹھیکری پہرہ’’ دیا جائے گا
جمال الدین والی میں منعقدہ اس آل پارٹیز گرینڈ جرگہ میں پاکستان مسلم لیگ ن ، پاکستان پیپلپزپارٹی ، پاکستان تحریک انصاف ، جمعیت علامئے اسلام اور دیگر سیاسی و دینی جماعتوں کے رہنمائوں سابق و موجودہ ارکان اسمبلی سول سوسائٹی ، تاجر تنظیموں اور رحیم یارخان چیمبر آف کامرس کی اہم شخصیات نے شرکت کی ،
آل پارٹیز عوامی جرگے کی صدارت میزبان اعلیٰ مخدوم سید احمد محمود نے کی ، اُنہوں نے تفصیلی اظہار خیال کیا ، چیئرمین ضلع کونسل سردار اظہرخان لغاری م سابق تحصیل ناظم چودھری طالوت سلیم باجوہ ، ایم این اے مخدوم سید مرتضیٰ محمود ، ایم پی اے سردار ممتاز علی خان چانگ ، چودھری سجاد وڑائچ ، مولانا غلام مصطفیٰ چدھڑ اور دیگر شرکا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان ومال سے کھیلنے والے ڈاکو کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں ان کو کیفر کردار تک پہنچانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔
شرکا نے زور دے کر کہا کہ صادق آباد کے عوام اپنا تحفظ کرنا خوب جانتے ہیں ، امن وامان قائم کرنے لئے اب سخت فیصلے بھی کریں گے اور متفقہ طور پر لائحہ عمل طے کر کے ہر صورت علاقہ میں و امان و امان قائم کیاجائے گا ، شرکا نے اس بات پر شدید غم و غصے کا اظہارکیا کی رحیم یارخان پولیس عوام کے جان ومال کا تحفظ کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے ،
تاجر اور شہری دن دیہاڑے ڈاکوئوں کے ہاتھوں لٹ رہے ہیں ، ڈاکوئوں کی طرف سے تاجروں اور شہریوں کو تھریٹ مل رہے ہیں ، اس موقع پر انکشاف کیا گیا کہ پولیس فورس کے مفلوج ہو جانے کے بعد ان نواز آباد اور ماہی چوک کے علاقوں میں اہل علاقہ اور منتخب نمائندوں کے تعاون سے پرائیویٹ گاڑیوں پر پرائیویٹ گارڈ تعینات کیے جار ہے ہیں جو ڈاکوئوں کولگام ڈالیں گے ،
یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ آل پارٹیز عوامی جرگے کا دوسرا بڑا اجلاس یکم نومبر کو غلہ منڈی صادق آباد میں منعقد کیا جائے گا ، جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا، اس موقع مخدومزادہ سید عثمان محمود ایم پی اے ، مخدومزادہ سید علی محمود ، سردار حبیب الرحمان خان گوپانگ ، چودھری شفیق پپا ، چودھری عامر تقی ، چودھری فاروق عزیز گجر ، خالد بن سعید ایڈووکیٹ ، میاں بشیر احمد ، چودھری خلیل سنکر ، رانا طارق محمود خان ، حافظ عبدالرزاق ، مجیب ارجمند خان ، چودھری شہزاد عادل باجوہ ، چودھری افضال احمد ، میاں مسعود صادق ، سردار جام اقبال دھاندھو ، حافظ ضیا الرحمان ، مولانا حافظ سعید مصطفی چدھڑ ، چودھری محمود احمد ، چودھری شاہد مختار، عبدلصبور چودھری ، رانا محمد زاہد ، عبدالستار خان چانگ ، میاں محمد اسلم ، وڈیرہ بھورا خان کوش ، جام حبیب نواز جھلن ، وڈیرہ ارشاد خان شر، چودھری طارق جاوید ، میاں اسحاق احمد ، دین محمد مزاری سمیت دیگر شرکا نے بھی اپنی تجاویز پیش کیں اور پرائیویٹ گارڈز کے ہمراہ نجی سکیورٹی انتظامات کے سلسلے میں ہر قربانی دینے کے عزم کا اظہار کیا ،
جرگے میں میں سانحہ ماہی چوک کے مقتولین کی مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی خصوصی دعا بھی کی گئی ۔