چولستان ڈیزرٹ ریلی کو کلچرل ایونٹ کے طور پر منایا جائے گا۔ظفر اقبال
رحیم یارخان (ڈیسک)کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال نے انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے چولستان کا دورہ کیا۔


کمشنر بہاول پور نے سائٹ پر ٹریفک مینجمنٹ پلان، سکیورٹی پلان، متبادل راستوں کا نظام اور دیگر سرگرمیوں کے لیے مختص سائٹ کا بھی معائنہ کیا۔
کمشنر بہاول پور نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی پاکستان کے مثبت امیج کے فروغ کا ذریعہ ہے اور اس کے انعقاد سے مقامی معیشت کو بھی فائدہ حاصل ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریلی کے انعقاد کے ساتھ ساتھ ہفتہ بھر شاندار تقریبات بھی منعقد کی جائیں گی اور اس میگا ایونٹ کو ایک کلچرل ایونٹ کے طور پر منایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ چیمبر آف کامرس کے تعاون سے مقامی صنعت و دستکاری کی نمائش منعقد کی جائے گی اور ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس کو اس موقع پر دعوت دی جائے گی اور ان کے سٹال بھی لگائے جائیں گے۔
کمشنر بہاول پور ڈویژن نے تمام محکمہ جات کو انتظامی اقدامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔