پاکستان میں زرعی انقلاب لانے کے لیے ہر کسان کو رجسٹرڈ کیا جا رہا ہے,خسرو بختیار
رحیم یارخان (: وفاقی وزیر اقتصادی امور مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ پاکستان میں زرعی انقلاب لانے کے لیے ہر کسان کو رجسٹرڈ کیا جا رہا ہے اور کسان کارڈ جاری کیے جائیں گے
جس سے حکومت کی طرف سے ملنے والی سبسڈی براہ راست کسان کو ملے گی اس کسان کارڈ کے ذریعے بیج ، کھاد ، اور دیگر زرعی ضروریات میں حکومت کی طرف سے دی جانے والی سبسڈی سے کسان براہ راست مستفید ہو گا
ایم این اے مخدوم مبین عالم کی رہائش گاہ محسن آباد میں اراکین اسمبلی اور عمائدین سے گفتگو کے دوران وفاقی مخدوم وزیر خسرو بختیار کا کہنا تھا ضلع رحیم یار خان کے لیے 10 ارب روپے کا ترقیاتی پیکیج لائے ہیں اسے کے علاوہ ورلڈ بنک سے پنجاب کی 14تحصیلوں کے لیے 70 ارب روپے واٹر سپلائی منصوبوں اور عوام کو پینے کے صاف پانی کی ترسیل کے لیے فنڈز ملے ہیں
جن میں سے 3ارب روپے صرف تحصیل لیاقت پور میں خرچ ہوں گے انہوں نے لیاقت پور کے لیے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ آباد سے لیاقت پور تک 300ملین کی لاگت سے سڑ ک کی تعمیر ہو گی اسی طرح خانبیلہ سے اللہ آباد 180 ملین ، موٹر وے ایم فائیو کو جوڑنے کے لیے 200 ملین روپے جاری کیے گئے ہیں اور لیاقت پور گرلز کالج میں 30کلاس رومز کی تعمیر کی جائے گی
وفاقی وزیر اکنامک افیئر مخدوم خسرو بختیار نے بعد ازاں کوٹلہ پٹھان میں سابق چیئر مین شاہد حبیب جتوئی کے گھر ان کی والدہ کی وفات پر تعزیت کے بعد عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو فی ایکڑ زرعی قرضہ کی مد میں رقم بڑھانے کے لیے عملی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے اور اگلے ماہ سے ہی زرعی پیکیج میں اس کا اعلان بھی کر دیا جائے گا
انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی ترقی ، خوشحالی اور ملک بھر میں ترقیاتی منصوبوں کا بھر پور طریقے سے آغاز کر رہی ہے اس موقع پر ایم این اے مخدوم مبین عالم نے بتایا کہ تحصیل لیاقت پور میں احساس پروگرام کے ذریعے مستحق خاندانوں میں 1ارب روپے کی رقم تقسیم کی گئی
اس موقع پر ایم پی اے عامر نواز خان ، ضلعی جنرل سیکرٹری پاکستان تحریک انصاف راجہ محمد سلیم ، قاضی ظفر نوید ، اکرام خان جہانگیری ، ٹکٹ ہولڈر سیٹھ عبدالماجد ، عاشق حسین پیرزادہ ، سردار رشید خان کورائی ، سردار احمد خان لنڈ مشرف خان جتوئی کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے اس موقع پر وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ خان پور ، رحیم یار خان اور صادق آباد کے لیے بھی ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا جا رہا ہے ۔