رحیم یارخان :موٹرسائیکل چور اور جیب تراش چھترول کے بعد گرفتار،
رحیم یار خان :موٹر سائیکل چھین کر فرار ہونے والا خان پور کا رہائشی ڈاکو عوام نے پکڑ لیا‘ چھترول کے بعد پولیس کے حوالے۔
موضع اللہ ڈتہ بھیلہ کے رہائشی مہر محمد بخش سیال کام کے سلسلے میں خان بیلہ آ رہا تھا کہ راستہ میں ڈاکو نے گن پوائنٹ پر اس سے 125موٹر سائیکل چھین کر خان بیلہ ٹول پلازہ کی طرف فرار ہو گیا‘
مہر محمد بخش سیال نے فوری اپنے وارثان اور پولیس کو اطلاع کر دی تو متاثرہ شخص کے وارثان نے ڈاکو کی تلاش شروع کر دی اور خان بیلہ ٹول پلازہ کے قریب ڈاکو کو موٹر سائیکل سمیت پکڑ لیا اور خوب چھترول کر کے ملزم کو پولیس کے حوالے کر دیا۔
ذرائع کے مطابق پکڑے جانے والا ڈاکو کا نام محمد ساجد ولد مولا بخش قوم مہا سکنہ غزالی ٹاؤن خان پور بتایا جا رہا ہے۔
بیٹوں کے جنازے میں شریک باپ کی جیب سے پرس اڑانے والا عادی جیب تراش بالآخر قانون کے شکنجے میں آ گیا۔
ڈیڑھ ماہ قبل پی ٹی آئی کے سابق امیدوار صوبائی اسمبلی ڈاکٹر نوید اکبر کے دو جواں سال بیٹے نہر میں ڈوبنے سے جاں بحق ہوئے تو ان کی نماز جنازہ کے اجتماع میں شریک ڈاکٹر نوید اکبر سمیت متعدد لوگوں کی جیبوں سے پرس اور موبائل فون اڑا لئے گئے تھے جس پر شہریوں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا تھا‘
غم سے نڈھال ڈاکٹر نوید اکبر کے پرس میں ڈیڑھ لاکھ اور ضروری کاغذات موجود تھے۔
اس اطلاع پر ڈی پی او رحیم یار خان اسد سرفراز خان نے تھانہ لیاقت پور کو ملزم کی گرفتاری کا ٹاسک دے کر معاملے کی ذاتی طور پر نگرانی شروع کر رکھی تھی‘
بالآخر پولیس نے سخت تگ و دو کے بعد ملزم گوہر علی ولد کریم بخش قوم بھیلہ سکنہ خان بیلہ کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کردی ہے‘
بتایا گیا ہے کہ ملزم اس سے پہلے بھی کئی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔