ناراض دوستوں کو پارٹی میں دوبارہ شمولیت کی دعوت دی ہے جس کا رزلٹ ملنا شروع ہو گیا ہے
رحیم یار خان :سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ہی جمہوریت اور پاکستان کو مضبوط کر سکتی ہے، آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہوگی، جیالے تنظیم سازی اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کے پیغام کیلئے گھر گھر پہنچیں۔
سابق وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین اور ان کے صاحبزادے مخدوم طاہر رشید الدین سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو پنجاب میں مثالی فیڈ بیک ملا ہے،
ناراض دوستوں کو پارٹی میں دوبارہ شمولیت کی دعوت دی ہے جس کا رزلٹ ملنا شروع ہو گیا ہے۔ آئندہ انتخابات میں پنجاب سمیت ملک بھر سے کامیابی حاصل کریں گے۔
سابق وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین نے اس موقع پر کہا کہ جنوبی پنجاب کے بڑے بڑے سیاسی گھرانے پیپلز پارٹی میں شمولیت کیلئے تیار ہیں،
پیپلز پارٹی نے ملک عزیز کیلئے ناقابل فراموش خدمات سر انجام دی ہیں اور اب غریب عوام سمجھ چکی ہے کہ ان کے مسائل کا حل صرف پیپلز پارٹی کے پاس ہے اس لئے آئندہ انتخابات میں نتائج تبدیل نہیں کرنے دینگے اور پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے دور کی طرح مضبوط پارٹی بن کر ابھرے گی۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے مخدوم شہاب الدین سہروردی کے ذمے جنوبی پنجاب کی چند اہم شخصیات کو پارٹی میں شمولیت کیلئے ٹاسک سونپ دیا جس پر انہوں نے ان سیاسی رہنمائوں سے رابطے شروع کر دئیے ہیں۔