رحیم یارخان : 3سالہ بچے پر پولیس حملہ کا مقدمہ درج
رحیم یارخان: تھانہ آباد پورپولیس پر حملہ کرنے اور سنگین نتائج کی دھمکیوں سمیت مفرور ملزم کے فرار میں مدد کرنے پر 3سالہ بچے پر مقدمہ درج کرلیاگیا،
عدالت نے ضمانت قبل از گرفتاری درخواست پر 3 سالہ بچے محمد حسین کو ضمانت دے دی۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز ایڈیشنل سیشن جج محمد یاسر حیات کی عدالت میں ایک ایسے بچے کی جانب سے قبل از گرفتاری کی ضمانت کے لیے درخواست دائر کی گئی جس کی عمر 3 سال 8 ماہ ہے ۔
بچے کا نام محمد حسین ولد محمد بلال ہے تھانہ آباد پور پولیس نے مقدمہ نمبر67/22بجرم 186/353,506-B/379اور148/149میں محمد حسین ولد بلاول جس کی عمر ب فارم کے مطابق 3سال 8ماہ ہے کا نام بھی شامل کردیا اور گرفتاری کے لیے چھاپے مارتے ہوئے اسکی تلاش شروع کردی
تاہم اسی دوران 3سالہ بچے محمد حسین کے والد بلال ودیگر کو انکشاف ہوا کہ مقدمہ میں 3سالہ محمد حسین کا نام بھی شامل ہے اور سہوا اسکی ولدیت محمد بہار درج ہوئی ہے
جس پر انہوںنے گزشتہ روز ایڈیشنل سیشن جج محمد یاسر حیات کی عدالت میں محمد حسین کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست جمع کرائی جس پر جج نے ضمانت قبول کرلی۔
واضح رہے کہ 3سالہ محمد حسین کے والد محمد بلال کی جانب سے جو کہ مقدمہ میں بطور ملزم ہے نے بیٹے کی ضمانت کے لیے محمد حسین کے نام سے درخواست دائر کی تھی۔
یاد رہے کہ پولیس اپنی پھرتیوں اور افسران کی نظروں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش میں متعدد مرتبہ معصوم بچوں پر مقدمات درج کرنے کے واقعات میں ملوث رہی ہے جن کے خلاف تاحال کوئی کاروائی عمل میں نہ لائی جاسکی ہے ۔