مہنگائی کے خلاف 17مئی سے ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان

رحیم یارخان: کلرکوں وسرکاری ملازمین کی تنظیم اپیکا نے کمرتوڑ مہنگائی کے خلاف 17مئی سے ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کردیا‘ وفاقی بجٹ کے موقع پر ملک بھر کے لاکھوں کلرک وسرکاری ملازمین اسلام آباد پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دیں گے۔

ان خیالات کااظہار آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے مرکزی نائب وضلعی صدر محبوب خان نے صوبائی رہنما میاں اکرام الحق‘ ضلعی چیئرمین محمد فاروق خان گوپانگ‘ جنرل سیکرٹری ملک ثناء اللہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سرکاری ملازمین کی تنخو اہوں اور پنشن میں اضافہ کرنے میں لیت ولعل سے کام لے رہی ہے‘ آسمان سے باتیں کرتی ہوئی مہنگائی نے چھوٹے ملازمین کی زندگی اجیرن بنادی ہے جبکہ حکمران اور اپوزیشن اقتدار حاصل کرنے کیلئے سیاسی رسہ کشی میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں فوری طور پر آل گورنمنٹ ایمپلائز الائنس کے ساتھ چارٹر آف ڈیمانڈ پر مذاکرات کرتے ہوئے اسے منظور کریں۔انہوں نے کہا کہ کلرک اور سرکاری ملازمین ہاؤس رینٹ‘ میڈیکل‘ کنوینس الاؤنس‘ ریٹائرمنٹ پر گروپ انشورنس سمیت تنخواہوں میں سوفیصد اضافہ کیلئے عرصہ دراز سے احتجاج کررہے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے ہمارے جائز مطالبات کو مسلسل نظرانداز کیاجارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپیکا کی مرکزی وصوبائی قیادت کی ہدایات پر 17مئی سے احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی اور وفاقی بجٹ کے موقع پر اسلام آباد کی جانب سے مارچ کرتے ہوئے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دیا جائے گا جو مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔

اک نظر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button