دارالامان میں خواتین و بچوں کو تفریحی سرگرمی فراہم کرنے کے لئے مینگو پارٹی
رحیم یار خان:سپرنٹنڈنٹ دارالامان زوبیہ مدثر کی جانب سے ادارہ میں مقیم خواتین و بچوں کو تفریحی سرگرمی فراہم کرنے کے لئے مینگو پارٹی کا اہتمام،
ادارہ میں مقیم خواتین اور بچے مینگو پارٹی سے خوب لطف اندوز ہوئے اور مختلف تفریحی گیمز سے مینگو پارٹی کو چار چاند لگا دیئے۔
سپرنٹنڈنٹ دارلامان زوبیہ مدثر نے کہا کہ مختلف معاشرتی مسائل کا شکار ادارہ میں مقیم خواتین اور ہمراہ بچوں کو ذہنی طور پر سکون فراہم کرنے کے لئے دارالامان انتظامیہ کی جانب سے رنگا رنگ تفریحی پروگرام منعقد کئے جاتے ہیں تاکہ مقیم خواتین اور بچے تنہائی کا شکار نہ ہوں اور ادارہ میں اپنے قیام کو بہتر انداز سے گزار سکیں۔
مینگو پارٹی کا اہتمام بھی انہی مثبت تفریحی سرگرمیوں کا حصہ ہے جسے خواتین اور بچوں نے خوب انجوائے کیا۔انہوں نے کہا کہ دارالامان انتظامیہ اس ادارہ میں مقیم خواتین اور بچوں کو تفریحی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنانے میں بھی اپنا بھر پور کردار ادا کر رہی ہے جس کے تحت خواتین کو مختلف فنی تربیت اور بچوں کو تعلیم کی فراہمی شامل ہے۔